سرینگر //طویل خاموشی کے بعد کرناہ کی حدمتارکہ پر بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان زبردست گولہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سعدپورہ گائوں کے 7مکانوں کونقصان پہنچا تاہم دوطرفہ گولہ باری سے کسی جانی نقصا ن کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق کرناہ کے دھنی ، امروہی اور سعدپورہ علاقوں میں ہندپاک افواج نے سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو آر پار ایک دوسری کی چوکیوں پرجدید ہتھیاروں سے گولہ باری کی جبکہ چھوٹے ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا ۔ طرفین کے مابین گولہ باری کی وجہ سے اگرچہ ان علاقوں میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم سعدپورہ میں 7مکانوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں ۔عینی شاہدین کے مطابق گولہ باری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جبکہ منگل کو بھی فائرنگ کے ایک دو واقعات رونما ہوئے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گولہ باری اس قدر شدید تھی کہ سرحدی آبادی گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئی ۔ کرناہ کے ٹاڈ ، دھنی سعید پورہ ، امروہی ، پروڑا ، ہجتراہ کے علاوہ گبرہ تک گولہ باری کی آوزیں سنائی دے رہی تھی ۔دھنی کے سابق سرپنچ نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ سال 2003میں ہندپاک کے مابین ہوئی جنگ بندی کے بعد ایسی فائرنگ اور گولہ باری نہیں ہوئی ،انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے گولہ باری کے دوران بہت سے اپنوں کو کھویا ہے اور یہاں جانی نقصان کے علاوہ مالی نقصان بھی ہوا لیکن اب ہم لوگ کسی اور مصیبت کیلئے تیار نہیں ہیں ،انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد کوئی بھی فائرنگ کا ڈر نہیں تھا لوگ بے خوف گھومتے تھے مزدوری کرتے تھے بنجر ہوئی زمینوں کو پھر سے آباد کیا گیا تھا ،لیکن جس طرح یہاں گولہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اُس سے لگتا ہے کہ اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو یہاں کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ کرناہ میں اب لوگوں کے پاس چھپنے کیلئے مورچے بھی موجود نہیں ہیں ۔کرناہ کے لوگوں نے دونوں اطراف کی افواج اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرحدی علاقوں سے گولہ باری کا سلسلہ بند کیا جائے تاکہ یہاں کے لوگ امن سے رہ سکیں اس دوران ان علاقوں میں منگل کو سکول اور دیگر کاروباری ادارے بھی بند رہے کیونکہ لوگ گولہ باری کی وجہ سے زبردست مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں ۔تحصیلداد کرناہ نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو دھنی سعدپورا اور ملحقہ علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس کے سبب سعدپورہ میں 7رہائشی مکانوں کی چھتوں کو نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی بھی شہری نے وہاں سے نکل مکانی نہیں کی ہے۔