خالی اَسامیوں کو مقررہ وقت میں پُر کرنے پر زور
سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ میٹنگ میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی مجموعی کا م کاج کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں تمام محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی جس میں اِصلاحات میں تیزی لانے، شفافیت بڑھانے اور سرکاری محکموں میں خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اَتل ڈولو نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اختراع ، کارکردگی اور عوامی اعتماد پر زور دیتے ہوئے مشن پر مبنی ، مقررہ وقت کے اندر کام کریں تاکہ شہریوں کو بروقت سروسز، منصفانہ عمل اور شفاف جوابدہی کے ذریعے مثبت تبدیلی کا واضح احساس ہو۔اُنہوںنے خالی اَسامیوں کو مقررہ وقت میں پُر کرنے پر زور دیتے ہوئے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کو ہدایت دی کہ وہ 1500 ملٹی ٹاسکنگ سٹاف (ایم ٹی ایس) کی اَسامیوں کو مقررہ وقت میں پُر کرے کیوں کہ بروقت بھرتی نچلی سطح پر کارکردگی بہتر بنانے کے لئے نہایت اہم ہے۔ اُنہوں نے پبلک سروس کمیشن اور جے کے ایس ایس بی سے کہا کہ بھرتی کے تمام مراحل میں عمل کو تیز کریں۔اُنہوں نے کہا کہ غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اَسامیوں کو مؤثر طریقے سے اور بغیر کسی اِنتظامی رُکاوٹ کے پُر کرنے کے لئے فعال حکمت عملی اَپنائیں۔چیف سیکرٹری نے حکمرانی میں مسلسل ہنر مندی کی ترقی کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے مشن کرما یوگی کے تحت ایک خصوصی’’ کیپسٹی بلڈنگ یونٹ (سی بی یو) کے قیام کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ یونٹ ملازمین کی منظم تربیت اوراَپ سکیلنگ کے لئے ذمہ دار ہوگا جس کا مقصد عوامی اِنتظامیہ میں اِختراع ، کارکردگی او رجوابدہی کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔چیف سیکرٹری نے کرما یوگی پورٹل پر ملازمین کی عدم رجسٹریشن پر تشویش کا اِظہار کیا جس کا مقصد سرکاری خدمات کی مؤثر فراہمی کے لئے بنیادی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔اُنہوں نے شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے حکومت کے کھلے پن کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ قوانین کے تحت 15 دن کے اندر اہم معلومات کو عوام کے ساتھ اشتراک کریں تاکہ شہری اہم فیصلوں اور پالیسیوں تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں۔اَتل ڈولو نے زیرِاِلتوا ٔآر ٹی آئی مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ معلومات کی بروقت فراہمی ایک جوابدہ طرز ِحکمرانی کی بنیاد ہے۔ اُنہوں نے محکمانہ ترقیوں اور سروس معاملات کے حوالے سے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ سروس سے متعلق معاملات کو مؤثر طریقے سے منظم کریں اور ہر محکمہ ایک جامع عملی منصوبہ تیار کرے جس میں یہ واضح ہو کہ کتنے زیرِ اِلتوأ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی(ڈِی پی سی) معاملات مقررہ وقت میں نمٹادیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیوں سے ملازمین کا حوصلہ بڑھتا ہے اور تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔چیف سیکرٹری نے متوفی ملازمین کے لواحقین کوایس آر او ۔43 اور نئے ری ہیبیلی ٹیشن اسسٹنس سکیم (آر اے ایس) کے تحت دی جانے والی ہمدردانہ تقرریوں کے بارے میں عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ان معاملات کو نامزدکمیٹیوں کے سامنے رکھیں اور احکامات جاری کریں۔