محتشم احتشام
پونچھ//کرشنا گھاٹی پریمیئر لیگ کے دوسرا ایڈیشن کے آٹھویں دن اسپورٹس گراؤنڈ جھلّاس میں کرکٹ کے دو سنسنی خیز مقابلے کھیلے گئے جن میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقینِ کرکٹ کو زبردست تفریح فراہم کی۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ننگی ٹکری بٹالین کی جانب سے کرشنا گھاٹی بریگیڈ کے زیر اہتمام آپریشن صدبھائونہ کے تحت کیا جا رہا ہے۔پہلے میچ (میچ نمبر 15) میں ڈومینیٹر الیون اور ریجول بیدی کرکٹ کلب کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔ڈومینیٹر الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور 15 اوورز میں 132 رنز بنائے۔ جواب میں ریجول بیدی کرکٹ کلب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہدف 14.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ رام دیال کو 62 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ (میچ نمبر 16) میں پی پی ٹائیگر اور پنجال وائرل آمنے سامنے آئے۔ پی پی ٹائیگر کی ٹیم 9 اوورز میں صرف 64 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ پنجال وائرل نے یہ ہدف صرف 6 اوورز میں حاصل کر کے شاندار فتح حاصل کی۔ سہیل شرما کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔کرشنا گھاٹی پریمیئر لیگ کا جوش و خروش ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ آٹھویں دن کے مقابلوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس دوران 1350 تماشائیوں نے شرکت کی۔منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے 16 نومبر 2025 سے اسپورٹس گراؤنڈ جھلّاس میں شروع ہوں گے، جن میں خطے کی نمایاں ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ شائقین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان دلچسپ میچوں کو براہِ راست دیکھنے کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں۔