محتشم احتشام
پونچھ// فوج کے زیرِ اہتمام کرشنا گھاٹی پریمیئر لیگ کے تحت جھلاس کے میدان میں دو دلچسپ مقابلے کھیلے گئے۔اس دوران شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے میدان میں پہنچ کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا، جب کہ دونوں میچوں میں جوش، مقابلہ آرائی اور بہترین کھیل کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔اس دوران ٹورنامنٹ کا تیسرا اورکل کا پہلا میچ مجد کلب بمقابلہ بسم اللہ کرکٹ کلب ہوا۔
میچ کا آغاز ٹاس سے ہوا، جس میں بسم اللہ کرکٹ کلب نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، مگر ٹیم صرف 62 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں امجد کلب نے ہدف با آسانی حاصل کر کے 9 وکٹوں سے فتح اپنے نام درج کر لی۔ اس میچ کے بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) معئین قرار پائے،جنہوں نے صرف دو اوورز میں 10 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں چیف گیسٹ کی جانب سے ٹرافی اور 5,000نقد انعام سے نوازا گیا۔ کل کا دوسرا میچ ہل ویو بمقابلہ اسٹار کلب جونیئر ہواٹاس ہل ویو نے جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 159 رنز بنائے۔ جواب میں اسٹار کلب جونیئر کی پوری ٹیم 114 رنز پر پویلین لوٹ گئی، یوں ہل ویو نے یہ میچ 45 رنز سے جیت لیا۔اس میچ کے مین آف دی میچ سکندر خان رہے، جنہوں نے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہیں بھی ٹرافی اور 5,000قد انعام دیا گیا۔ٹورنامنٹ منتظمین کے مطابق، کرشنس گھاٹی پریمیئر لیگ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور کھیلوں کے ذریعے بھائی چارے، نظم و ضبط اور حب الوطنی کا جذبہ فروغ دینا ہے۔علاقے کے عوام اور کھلاڑیوں نے فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس سرحدی نوجوانوں کے لئے امید اور توانائی کا ذریعہ ہیں۔