جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پہلگام حملے کے بعد حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں۔ پاکستانی افواج کی طرف سے بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا سلسلہ رات بھر وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کا بھارتی فوج نے بھی مؤثر جواب دیا۔ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا یہ تبادلہ رات دیر گئے تک جاری رہا، تاہم کسی بھی جانب سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا سلسلہ مکمل طور پر بند تھا اور دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدے کی پاسداری کی جا رہی تھی تاہم، پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ واقعہ کے بعد سرحد پر ایک بار پھر گولہ باری اور فائرنگ کے واقعات سامنے آنے لگے ہیں، جس نے مقامی عوام میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔سرحدی علاقوں میں بسنے والے لوگوں نے بتایا کہ وہ ایک بار پھر اْس اذیت ناک دور کی طرف لوٹتے محسوس کر رہے ہیں جب راتیں گولہ باری اور فائرنگ کی گونج میں گزرتی تھیں۔علاقہ مکینوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اْن کی حفاظت کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ خوف کے سائے سے باہر آ کر پْرامن زندگی گزار سکیں۔