جموں//کرشنا جنم اشٹمی کے تہوارکے سلسلہ میں پورے جموں خطہ میںگہما گہمی رہی، لوگوں نے انتہائی مذہبی عقیدت سے مندروں کو سجایا ہے جب کہ کئی ایک مقامات پر شری کرشن کے جنم کے بارے میں کتھائیں سنائی گئیں۔ اس موقعہ پر دھرم ارتھ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک شاندار جھانکی نکالی گئی جو تاریخی رگھوناتھ مندر سے شروع ہو ئی اور شہر کے مختلف بازاروں سے گزرنے کے بعد واپس رگھوناتھ مندر میں ہی اختتام پذیر ہوئی۔ اس سے قبل ٹرسٹ کے ٹرسٹیوں نے روایتی پوجا ارچنا کی جس میں وکرما دتیہ سنگھ ایم ایل سی، اجات شترو سنگھ ایم ایل سی ، آر کے مارتنڈ سنگھ، آر کے رنوجے سنگھ کے علاوہ دھرم ارتھ ٹرسٹ کے صدربی آر کنڈل ، سیکرٹری اجے سنگھ جموال، ڈی سی راجیور نجن ، آئی جی پی ایس ڈی سنگھ، ایس ایس پی سنیل گپتا، ڈائریکٹر ریڈیو کشمیر جموں انجلی شرما کے علاوہ جموں خطہ کے متعد د معزز شہری موجود تھے۔ شوبھا یاترا میں سینکڑوں افراد نے مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ شرکت کی۔ سناتن دھرم سبھا کے اشتراک سے منعقدہ اس شوبھا یاترا میں عقیدتمند مذہبی ترانے اور بھجن کیرتن گا رہے تھے ۔ بازاروں میں شوبھا یاترا کے استقبال کے لئے سواگتی گیٹ لگائے گئے تھے۔انتظامیہ کی طرف سے یاترا روٹ پر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے ، پولیس کے علاوہ بھاری تعداد میں سی آرپی ایف تعینات تھی۔ درجنوں کی تعداد میں بنائی گئی جھانکیاں ٹریکٹر ٹرالیوں پر سجائی گئی تھیں جن پر کرشن جی کی پیدائش اور مہابھارت میں ان کے رول کو دکھایا گیا تھا۔ ہرے راما ہرے کرشنا ، ناٹک سماج، رگھوناتھ مندر ، دیوان مندر اور پرانی منڈی مندر کے علاوہ سنسکرت مہا ودیالیہ بیر پور کے طلاب نے بھی اس جلوس میں شرکت کی۔ شوبھا یاترا شالیمار چوک، ہری مارکیٹ، پرانی منڈی، اولڈ ہاسپٹل روڈ، لنک روڈ، جین بازار، چبوترہ چوک، پنجتیرتھی، مبارک منڈی، پکہ ڈنگا، موتی بازار، سبزی منڈی، راج تلک روڈسے ہوتی ہوئی رگھوناتھ بازار واپس پہنچی۔