عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر رہنماوسابق مرکزی وزیرانوراگ ٹھاکرنے کانگریس کوہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ کانگریس وہ جماعت ہے جوہمیشہ ملک کے بجائے ملک دشمنوں کیساتھ کھڑی رہتی ہے جس کاثبوت گلوان میں چینی فوج کی دراندازی ہے جب وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر دفاع اپنے فوجیوں کاحوصلہ بڑھانے کیلئے سرحدپرپہنچ گئے تو راہول گاندھی بند کمرے میں چینی عہدیداروں کیساتھ میٹنگ کررہے تھے۔اُنہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے سماج کے کمزور طبقات کے معیارِ حیات بلندکرنے کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھائے ہیں اورجموں وکشمیرمیں بھارتیہ جنتاپارٹی بھاری اکثریت کیساتھ اپنی سرکا ربنائے گی۔سچیت گڑھ میں پارٹی اُمیدوار گھارو رام بھگت کی حمایت میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ مودی سرکار نے ملک کے دفاعی نظام کومضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے اوررفائل اورتیجس بنایااورفوجی جوانوں کیلئے ون رینک ون پنشن پالیسی عملائی گئی۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس دور میں ہزاروں ایکڑ زمین چین کو دی اورہمارے ہندوستان کے حصے چین کے حصے بن گئے لیکن جب سے مودی آئے ایک انچ بھی ہماری زمین چھین نہیں لے سکا۔اُنہوں نے آئین ہند میں بیجاترامیم کرکے لوگوں سے اُن کے آئینی حقوق چھیننے کاالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے بار بار آئینی کی روح کو کچلا۔اُنہوں نے کہاکہ بدترین عمل ایمرجنسی کانفاذ ہے۔اُنہوں نے کہاکہ نس بندی سے ہرکسی کو سب کو جیل میں بندکرنے جیسے مظالم ڈھائے گئے۔اُنہوں نے کہاکہ امبیڈکر کاآئین نہ ہوتایہ ایمرجنسی آج تک ختم نہ ہوتی۔اُنہوں نے کانگریس۔نیشنل کانفرنس کے پاکستان کے تئیں نرم لہجے پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہاکہ سرجیکل سٹرائک پرپاکستان چیخ پکار کررہاتھاکہ ہمارے ٹھکانے تباہ کردئے، لیکن بدقسمتی سے یہاں ہندوستان کے ایسے لیڈر جو اس کے ثبوت مانگتے ہیں۔اُنہوں نے کہا’’کتنا پریم ہے انکوپاکستان سے، اورآج پھر دیکھو! پاکستان چاہتاہے نیشنل کانفرنس۔کانگریس کی سرکار بنے‘‘۔اُنہوں نے کہاکہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیاکہ اُن کے کانگریس۔نیشنل کانفرنس سے تعلقات ہیں اوروہ دفعہ370پرایک ہی صفحے پرہیں۔اُنہوں نے کہاکہ یہ تین خاندان دہشت گردوں کو بچانے کیلئے یہ سب ایک ہوجاتے ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ آج ان جماعتوں کو پھر دفعہ370کی یاد آئی۔اُنہوں نے کہاکہ ڈھاکہ میں ہندوؤں کی ہلاکتوں کیخلاف یہ خاموش،کشمیری پنڈتوں کی بے دخلی پریہ خاموش لیکن دہشت گردوں کیلئے یہ آنسوبہاتے ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ ان کیلئے کرسی سب کچھ ہے کیونکہ انکے لئے کرسی رہنی چاہئے،بھارت نہیں رہنا چاہئے انکی ایسی سوچ ہے۔