سرینگر //’کرسمس ‘‘ کا تہوار دنیا بھر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وخروش کے ساتھ منایا گیااس دوران گرجا گھروں کو چراغاں کرکے موم بتیاں جلائی گئیں اورتقریب کے اختتام پرمسیحی برادری نے ریاست جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کیلئے دعائیں کیں۔ سرینگر میں سب سے بڑی تقریب ہو لی فیملی کیتھو لک چرچ مولانا آزاد روڑ پر منعقد ہو ئی جہاں عیسائی برادری سے وابستہ لوگوں مرد و خواتین اور بچے نے خصوصی عبادات میں حصہ لیا۔سوموار کی شام کو ہی مسیحی برادری نے گرجا گھر کو چراغاں کیا تھا اور بڑی تعداد میں لوگ رات کو ہی وہاں پہنچے تھے ۔منگل کی صبح جب خصوصی عبادت کا اہتمام ہوا تو اس دوران عیسائیوں نے ایک دوسرے میں مٹھایاں اور تحائف کا تبادلہ خیال کیا ۔تقریب کے دوران وہاں موجود لوگوں کو عیسائیت کی مذہبی کتابوں کا مطالعہ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔فیملی کیتھولک چرچ کے فادر، فادر رائے ڈسوزہ اور ان کے عملہ نے گرجا گھر میں ہر طرح کے انتظامات رکھے تھے ۔، فادر رائے ڈسوزہ نے کشمیر عظمی ٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں لوگ حصہ لیتے ہیں اور رات بھر چرچ میں رہ کر یہاں خصوصی دعائوں کا اہتمام کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا حضرت عیسیٰ کا پیغام لوگوں کیلئے یہی تھا کہ سب آپس میں امن اور بھائی چارے سے رہیں تاکہ یہاں نفرتوں کا خاتمہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد بھی آپس میں بھائی چارے کو قائم رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی تقریب کے دوران ریاست میں امن کیلئے بھی خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔بارہمولہ سے تقریب میں حصہ لینے آئی سسٹر جوفی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس دن کو ہم حضرت عیسیٰ کے جنم دن کے طور مناتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہی دنیا میں امن وسلامتی، محبت وشفقت کے پیغام کو عام کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر سال سرینگر میں ہی اس دن کو منانے کی غرض سے آتی ہیں ۔ہو لی فیملی کیتھو لک چرچ میں تقریب میں حصہ لینے والے سسٹر ٹیشن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ تقریب پوری ریاست میں جہاں کہیں عیسائی مذہب کے لوگ رہتے ہیں وہاں منائی جاتی ہے اور یہ سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں ابھی تک انہیں کسی بھی جگہ ایسی تقریبات منانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی ۔اس دوران انہوں نے لوگوں کو اس دن کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ سب کو مل کر ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنے اور ایک ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہئے اور یہی اس دن کو منانے کا مقصد ہے ۔کرسمس کے موقعے پرشہر کے سونہ وار علاقے میں قائم پروٹسٹنٹ چرچ کے علاوہ بارہمولہ میں کیتھولک چرچ میں کافی تعداد میں مسیحی برادری سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔جہاں عیسائی مذہب ماننے والے لوگوں ، فوجی افسران ، اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی خاصی تعداد بھی شامل تھی۔اور گرجا گھروں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا ۔