سرینگر//موٹر سائیکلوں پر کرتب بازی اور تیز رفتاری سے سکوٹر چلانے والوں کے خلاف مہم چھیڑتے ہوئے پولیس نے سنیچر کو شہر میں کئی نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی اور موٹر سائیکل ضبط کئے ۔پولیس کو گذشتہ کئی عرصہ سے عوام کی طرف سے یہ شکایات ملی تھیں کہ سڑکوں پر کچھ نوجوان موٹر سائیکلوں پر کرتب بازی کرتے ہیں اور تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکل چلاتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک حادثوں کا احتمال ہے ۔پولیس نے عوامی شکایات کو نوٹس لیتے ہوئے سنیچر کو ان مقامات پر خصوصی ناکے لگائے جہاں سے اس طرح کی زیادہ شکایتیں مل رہی تھیں ۔پولیس اسٹیشن صدر کی ایک ٹیم نے پرے پورہ باغات میں کچھ نوجوانوں کو تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پایا جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔پولیس نے ان کے موٹر سائیکل ضبط کئے اور ان نوجوانوں کی کونسلنگ کی گئی ۔بعد میں ان نوجوانوں کے والدین کو بھی بلایا گیا جس دوران ان نوجوانوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ۔لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کی سراہنا کرتے ہوئے اس مہم کو جاری رکھنے اور اس کا دائرہ بڑھانے کی مانگ کی ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہر میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکل چلانے کے عادی بن چکے ہیں جبکہ کچھ نوجوانوں تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلوں پر کرتب بازی کرتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف راہ گیروں میں خوف و ہراس پھیل جاتا ہے بلکہ اس وجہ سے حادثے بھی پیش آتے ہیں ۔پولیس نے موٹر سائیکلوں پر خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرنے والے نوجوانوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ موت کے اس کھیل کو روکنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لایا جائے گا اورجہاں بھی نوجوانوں کو موٹر سائیکلوں پر کرتب بازی کرنے کی شکایت آئے گی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔