نئی دہلی// ہندوستان نے کرتارپور صاحب گرودوارا کا انتظام اور دیکھ بھال کا کام ایک غیر سکھ ٹرسٹ کو سونپے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ اس سے پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان حکومت اقلیتی طبقے کے لوگوں کا استحصال اور ظلم کرتی آرہی ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا،” ہم نے ان رپورٹوں کو دیکھا ہے جن کے مطابق پاکستان گرودوارا کرتارپور صاحب کا انتظام اور دیکھ بھال کا کام اقلیتی سکھ طبقے کی تنظیم پاکستان سکھ گرودوارا انتظامیہ کمیٹی سے لے کر ایک غیر سکھ ٹرسٹ کو دیا جارہا ہے“۔
بیان میں کہا گیا”پاکستان کا یہ یک طرفہ فیصلہ قابل مذمت ہے اور کرتارپور صاحب کوریڈور کھولے جانے کا جذبہ اور سکھ طبقے کے مذہبی خیالات کے خلاف ہے۔ ایسے قدم پاکستانی حکومت اور مذہبی اقلیتی طبقوں کے حقوق اور ترقی کے لمبے چوڑے دعووں کی اصلیت ظاہرکرتے ہیں۔“
وزارت خارجہ نے پاکستان سے اپیل کی کہ وہ سکھ طبقے کے حقوق کی خلاف ورزی ” من مانے“ فیصلے کو بدلے۔