حسین محتشم
پونچھ// انجمن کاظمیہ قصبہ کے زیراہتمام شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تکیہ قصبہ سے امام بارگاہ قصبہ تک جلوس عزائے سید الشہداء برآمد کیا گیا۔ جلوس میں ضلع بھر سے عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوس سے پہلے اور بعد میں مجالس عزا شہدائے کربلا بھی منعقد کی گئیں۔ مولانا حسن عباس نقوی اور مولانا حسن اختر شوکتی نے عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے امام حسین کی تحریک کے مقاصد اور ان کی شہادت کے پس پردہ فلسفہ پر روشنی ڈالی۔انجمن کاظمیہ کے صدر ڈاکٹر سید علمدار عدم نے اس دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کربلا نے عالم انسانیت کے لئے اپنی قربانی دے کر رہتی دنیا تک اپنی یاد کو چھوڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے انسانی دل رکھنے والے افراد شہدائے کربلا کو اپنے اپنے طریقے سے نظرانہ عقیدت پیش کرتے رہتے ہیں۔اسی سلسلہ میں انجمن کاظمیہ قصبہ کی جانب سے بھی جلوس اعزا اور مجالس عزا کا انعقاد کر کے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔انہوں نے شریک ہونے والے عزاداروں اور تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کا بھی محرم الحرام کے دوران بہتر انتظامات کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔