لاہور//پاکستان کرکٹ ٹیم اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں بین الاقوامی میچز کھیلنے سے بہتر کچھ اور نہیں ہوسکتا۔دبئی میں ٹریننگ سیشن کے بعد بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی کی جانب سے پی ایس ایل سیزن 3 کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کی یقین دہانی خوش آئند اقدام ہے اور کراچی میں بین الاقوامی میچ کھیلنے سے بہتر کچھ اور نہیں۔انہوں نے کہا کہ خواہش تھی کہ پی ایس ایل سیزن 3 کے فائنل کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اسی گراؤنڈ پر ہمارے ساتھ میچ کھیلے۔خیال رہے کہ 2 مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم رواں برس سیزن 3 میں اب تک کوئی خاطر خواہ پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے، تاہم کپتان سرفراز احمد کو امید ہے کہ ان کی ٹیم ایونٹ کے باقی میچز میں بہترین کارکردگی دکھا کر واپس آنے کی کوشش کرے گی۔دبئی میں بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ’میں مانتا ہوں کہ ہماری کارکردگی مایوس کن رہی ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم واپسی کرے گی اور غلطیوں سے سیکھ کر اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرے گی۔کراچی میں پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہورہا ہے اور بطور کھلاڑی اور کراچی کے رہائشی کے طور پر فائنل کراچی میں کھیلنے کی خواہش ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا اور انگلیڈ کی ٹیم کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن سمیت کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا جبکہ رواں برس بھی پلے آف میں پہنچنے پر انگلش کھلاڑی کی جانب سے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔اس حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم ابھی فائنل 11 کے بارے میں نہیں سوچ رہے لیکن اگر ہم فائنل میں پہنچتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد یقینی بنائیں گے۔