کراچی//کورنگی مہران ٹاؤن میں کے ڈی اے کی ٹیم پر مشتعل افراد نے پتھراؤ اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے بعد شہرقائد میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور متعدد علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کرنے والی ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے، کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں بھی تجاوزات کے خاتمے کے دوران کے ڈی اے کی ٹیم پر حملہ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق کے ڈی اے کی ٹیم علاقے میں پہنچی تو مشتعل افراد نے ٹیم پر پتھراؤ شروع کردیا جب کہ نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی، مظاہرین اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔شدید فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، جب کہ مظاہرین میں بھگڈر مچنے سے بھی متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حالات کشیدہ ہونے کے باعث کے ڈی اے کی ٹیم کو آپریشن معطل کرنا پڑا۔