وترگام//کرالہ گنڈہندوارہ میںایک ماہ کے دوران دوسری پُراسرارہلاکت کے تحت نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک23سالہ نوجوان کوگولیوں کانشانہ بناکرموت کی نیندسلادیا۔پولیس تھانہ ڈنگی وچہ نے سہیل عرف جانہ ڈارساکنہ کھئی پورہ کی گولیوں سے چھلنی نعش قصبہ وترگام کے مضافات میں ایک باغ سے برآمدکرنے کے بعداسکاپوسٹ مارٹم کرایاجبکہ اس ہلاکت کے سلسلے میں دفعہ302کے تحت کیس درج کرکے بڑے پیمانے پرتحقیقات شروع کی گئی ہے ۔خیال رہے لگ بھگ ایک ماہ قبل اسی نوعیت کے واقعے میں نامعلوم افرادنے سوپرناگہامہ کرالہ گنڈکے نوجوان شہنوازخان کوہلاک کردیاتھا۔تفصیلات کے مطابق قصبہ وترگام اوراسکے نواحی علاقوں میں اسوقت خوف وہراس اورتشویش کی لہردوڑگئی جب قصبہ کے نزدیک ایک میوہ باغ سے ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی نعش سنیچرکی صبح برآمدہوئی ۔بتایاجاتاہے کہ سنیچر کی صبح جب لوگ باغات اورکھیتوں میںکام کیلئے جارہے تھے توکچھ لوگوں نے مین بازاروترگام کے نزدیک ایک باغ میں کسی نامعلوم نوجوان کی نعش دیکھی ۔پولیس کومطلع کیاگیا،اورپولیس تھانہ ڈنگی وچہ کی ایک ٹیم نے یہاں پہنچ کرنوجوان کی نعش اپنی تحویل میں لینے کے بعدبغرض شناخت وپوسٹ مارٹم پرائمری ہیلتھ سینٹرڈنگی وچہ پہنچادی ۔پولیس تھانہ ڈنگی وچہ کے ایس ایچ اﺅ نے بتایاکہ بعدازاں نعش کی پہنچان کھئی پورہ کرالہ گنڈہندواڑہ کے رہنے والے نوجوان سہیل احمدڈارعرف جانہ ڈارولدشبیراحمدڈارکے بطورہوئی جومبینہ طورجمعہ کی شام سے لاپتہ تھا۔انہوں نے کہاکہ نوجوان کونامعلوم افرادنے گولیوں کانشانہ بناکرموت کی نیندسلادیا،کیونکہ اس کے جسم میں کئی گولیاں پیوست پائی گئیں جن میں سے ایک گولی اسکے سرمیں چلائی گئی تھی ۔ایس ایچ اﺅ ڈنگی وچہ کامزیدکہناتھاکہ نوجوان کی نعش کاپوسٹ مارٹم کرانے کے بعدپولیس تھانہ میں اس ہلاکت سے متعلق ایک کیس زیرایف آئی آر13/2017زیردفعہ302آرپی سی کے تحت درج کرکے معاملے کی بڑے پیمانے پرتحقیقات شروع کی گئی ۔انہوں نے بتایاکہ سہیل احمدنامی نوجوان کی نعش تمام لوازمات مکمل کرنے کے بعدآخری رسومات کی انجام دہی کیلئے لواحقین کے سپردکردی گئی ۔اُدھر نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں ممکنہ طوراغواکاری کے بعدہلاک کئے گئے نوجوان سہیل احمدڈارعرف جانہ ڈارکے قریبی رشتہ داروں نے بتایاکہ جمعہ کوبعدسہ پہرتک وہ گھرکے نزدیک ایک میدان مین کچھ لڑکوں کیساتھ کرکٹ کھیل رہاتھالیکن وہ اسکے بعدگھرواپس نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے سہیل کیساتھ اسکے موبائیل فون پررابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن اسکاموبائیل سویچ آف یابندآرہاتھا۔خیال رہے کرالہ گنڈ علاقہ کی حدودمیں یہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس نوعیت کی یہ دوسری پُراسرارہلاکت کاواقعہ ہے کیونکہ12مارچ2017کو سوپرناگہامہ کے ایک نوجوان شاہنوازخان ولدغلام رسول خان کی نعش بھی اسی طرح ایک کھیت کے نزدیک برآمدہوئی تھی ،اوراسکو بھی نامعلوم اسلحہ برداروں نے گولیوںکانشانہ بناکرموت کی نیندسلادیاتھا۔