کرالہ پورہ کپوارہ میںسب ضلع ہسپتال کی عمارت غیر محفوظ

Kashmir Uzma News Desk
5 Min Read
کرالہ پورہ //سرحدی ضلع کپوارہ کے کرالہ پورہ تحصیل میں قائم سب ضلع اسپتال کو 9برسوں کے دوران سیلاب نے دوسری بار نقصان سے دوچار کیا جس کے نتیجے میں ہسپتال عمارت اب غیر محفوظ بن گئی ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو نے کا خدشہ ہے جبکہ سب ضلع اسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر گزشتہ 9برسوں سے تشنہء تکمیل ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگو ں میں زبردست غم وغصہ پایا جارہا ہے ۔کپوارہ ضلع میں 5روز قبل آئے سیلاب نے جہا ں سڑکو ں ،پلو ں اور دیگر املاک کے علاوہ فصلو ں کو زبردست نقصان پہنچایا  وہیں کرالہ پورہ میں قائم سب ضلع اسپتال بھی سیلاب سے محفوظ نہ رہی اور سیلابی پانی اسپتال کے کمرو ں میں گھس آ یا ۔ 2اگست کے تبا ہ کن سیلاب نے نالہ ہد پر قائم سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ کی عمارت کے نالہ پر تعمیر کئے گئے بنڈ کو بہا لیا جس کے بعد اسپتال عمارت سیلاب کے زد میں آ گئی اور وہا ں پر علاج و معالجہ کے لئے دا خل مریضوں اور تیمادارو ں میں افرا تفری مچ گئی ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب سیلاب نے بھیانک رخ اختیار کیا تو مریض اپنی جان بچانے کے لئے اسپتال عمارت کو چھو ڑ کر چلے گئے تاہم اسپتال عملہ نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپتال کا ریکارڈ بچا لیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ نالہ ہد پر قائم سب ضلع اسپتال کا ایک حصہ اس وقت ڈھ گیا جب 2010میں تباہ کن سیلاب کا ایک ریلہ اسپتال عمارت کے اندر گھس آ یا اور کئی سالو ں تک اس حصہ کو دوبارہ ٹھیک نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل اسپتال انتظامیہ نے اس حصہ کو ٹھیک کر کے قابل استعمال بنایا لیکن 5روز قبل آئے سیلاب نے اسپتال عمارت کے اس حصہ کو دو بارہ نقصان پہنچایا جبکہ اسپتال کے ارد گرد پختہ دیوار کو سیلاب نے اپنے ساتھ بہا لیا اور اب یہ عمارت مکمل طور غیر محفوظ بن گئی جس کی وجہ سے کثیر آ بادی والے کرالہ پورہ علاقہ کے لوگو ں میں زبردست تشویش پائی جاتی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ اسپتال عمارت کی دیوار سیلاب کی نذر ہونے کے بعد نالہ ہد کا پانی اسپتال کے کمرو ں میں دا خل ہو سکتا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ کرالہ پورہ اسپتال کیرن ،بڈنمل ،تارتپورہ ،ویلگام ،لون ہرے ،گزریال ،چوکی بل سمیت درجنو ں علاقوں کی واحد امید ہے جب یہا ں کے مریض اس اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے آ جاتے ہیں ۔کرالہ پورہ کے کئی علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ میں جگہ کی کمی کے پیش نظر سرکار نے8سال قبل نئی عمارت کا سنگ بنیاد ڈالا اور لوگو ں کو وعدہ دیا کہ کم مدت میں اس اسپتال عمارت کو مکمل کر کے عوام کے نام وقف کی جائے گئی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اب 9سال مکمل ہوئے تاہم اسپتال عمارت کی تعمیر مکمل نہ ہوسکی۔ جس کے نتیجے میں ایک کثیرآ بادی والے علاقے کے اس واحد اسپتال میں جگہ کی کمی کی وجہ سے مریضوں کا سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اسپتال میں رو زانہ 3سو سے زائد مریض اپنا علاج و معالجہ کرنے کی غرض سے آ تے ہیں لیکن اسپتال میں جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے اور سب ضلع اسپتال میں مکمل طور مریضوں کی جانچ کرنے کے لئے کوئی مخصوص اوپی ڈی نہیں ہے ۔اس حوالے سے بلاک میڈیکل آ فیسر کرالہ پورہ ڈاکٹر محمد شفیع میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ 5روز قبل تباہ کن سیلاب کی وجہ سے اسپتال عمارت اب غیر محفوظ بن گئی اور انتظامیہ کو چایئے کہ وہ نئی اسپتال عمارت کو مکمل کرنے میں اہم رول ادا کریں تاکہ مریضوں کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *