چادورہ(بڈگام)// چاڈورہ کے بیشتر پولنگ مراکز پر دوبارہ پولنگ کے موقعہ پر ہرسو خوف اور سناٹا چھایا ہوا تھا۔کرالہ پورہ پولنگ مرکز کے صحن میں چند پولیس ،سی آر پی ایف اور ایس او جی افسران فورسز کی بھاری تعداد کے بیچ حالات کا جائزہ لے رہے تھے جبکہ پولنگ مرکز کے باہر سی آر پی ایف ،پولیس اورایس او جی کے ساتھ ساتھ فوجی اہلکاروں کی ایک بڑی تعدادتقریباً سبھی گلیوں میںاورمکانات کے بیرونی دروازوں پر تعینات تھی۔ گورنمنٹ مڈل سکول کرالہ پورہ( پولنگ مرکز)کے صحن میں وہ جلی ہوئی گاڑی ابھی وہیں موجود تھی جسے 9اپریل کو جلایا گیا تھا۔کشمیر عظمیٰ اور گریٹر کشمیر کی ٹیم جب علاقے میں داخل ہوئی تو ہر سو خوف و ہراس کا ماحول تھا۔علاقے کے سبھی راستے بند کئے گئے تھے جبکہ باغ مہتاب سے ہی سخت تلاشیوں اور پوچھ تاچھ کے بعد آگے جانے کی اجازت دی جا رہی تھی۔ علاقے میں ہر سو فورسز اور پولیس اہلکارون کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ گلیوں اور کوچوں کے علاوہ باغات اور کھیت کھلیانوں میں بھی اہلکار تعینات تھے۔مقامی لوگوں کے مطابق شام10بجے جب وہ گھروں میں داخل ہوئے تو کوئی بھی اہلکار علاقے میں نہیں تھا تاہم علی الصبح جب انہوں نے مساجد کا رخ کیا تو ہر طرف فقط فورسز اہلکار ہی سڑکوں پرنظرآئے۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ انہیں رات کے4بجے علاقے میں پہنچایا گیا ۔پولنگ عملے میں شامل ایک ملازم نے بتایا کہ انہیں رات کے11بجے ڈی سی آفس بڈگام سے نوگام ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا اور2بجے تک گاڑیوں میں ہی رکھا گیا اور بعد میں علاقوں کی طرف سیکورٹی کے ہمراہ روانہ کیا گیا۔عملہ اگر چہ رائے دہندگان کے انتظار میں تھا تاہم10بجے تک ایک مرکز پر1001ووٹوں میںسے کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا جبکہ دوسرے مرکزپر844 ووٹوں میںسے کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔اسی طرح پنچایت گھر کرالپورہ میں قائم پولنگ بوتھ پرسوا دس بجے تک 794ووٹوںمیں سے ایک ووٹ بھی نہیں ڈالا گیاتھا ۔اس پولنگ مرکز کے ارد گرد فورسز اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ بکتر بند گاڑیاں کھڑی تھیں۔ گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول واتھورہ میں قائم پولنگ مرکز کے اندر فورسز اور پولیس کی متعدد گاڑیاں موجود تھیں ۔ پولنگ عملہ یہاں بھی ووٹروں کے انتظار میں تھا تاہم11بجے تک869ووٹوںمیں سے یہاں بھی کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔ریپورہ چاڈورہ کے حالات بھی اس سے مختلف نہیں تھے اور ہر گلی،نکڑ اور کوچے میں فورسز اور پولیس اہلکار تعینات تھے ۔اس مرکز پرگیارہ بجے تک 1088ووٹوں میں سے کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔