کپوارہ//تین روز قبل کرالہ پورہ کے چوکی بل میں ایک شادی شدہ لڑکی کی چوٹی کاٹنے کے بعد وہاں حالات کشیدہ ہو گئے جبکہ مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد مضروب ہوگئے ۔ مقامی لوگوں نے فوجی اہلکار پر الزام لگایا مذکو رہ اہلکار نے شادی شدہ خاتون کے بال تراشے جس کے بعد مشتعل ہجوم نے فوجی اہلکار کو فوجی گاڑی سے اتار کر اس کی ہڈی پسلی ایک کر دی۔ لوگوں نے گزشتہ تین روز سے کرالپورہ اور چوکی بل میں معاملے کیخلاف احتجاج کیا جبکہ دوکانیں بند رہیںجبکہ گاڑیوں کی آمد رفت بھی کم رہی۔ کرالپورہ قصبہ میں جمعرات کو تین روز کے بعد زندگی پٹڑی پہ دوبارہ لوٹ آئی۔ معمول کے مطابق باراز کی سرگرمیاں پھر سے بحال ہو گئی تاہم چوکی بل سے اطلاعات وہاں واقعہ کیخلاف تیسرے روز بھی بازار بند رہا اور گاڑیوں کی آمد رفت بھی متاثر رہی۔ مقامی لوگوں نے فورسز کی جانب سے گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا۔اس دوران کرالپورہ ، چوکی بل، اور رام ہال کے کئی وعلاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی بند رہی۔