سرینگر/شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں کنٹرول لائن پر ہند۔پاک افواج کے مابین گولی بھاری کے بعد جمعرات کو آر پار تجارت معطل رہی۔
حکام کے مطابق اُنہوں نے کراس ایل او سی فائرنگ کے بعد آج کیلئے اُوڑی پوئینٹ سے تجارت معطل کردی ہے۔
ایس ڈی ایم اُوڑی بصیر الحق نے کہا کہ فائرنگ کا علاقہ کمان پوسٹ کے قریب ہے اس لئے آج کیلئے آر پار تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ رات بھارت اور پاکستان کی افواج نے شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر گولیوں کا تبادلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آج صبح سے مذکورہ علاقے میں آر پار گولیوں کا تبادلہ پھر سے شروع ہوگیا ہے۔
یہ واقعہ اُوڑی کے کمل کوٹ علاقے میں پیش آیا جہاں گذشتہ روز بھارت اور پاکستانی افواج کے مابین ہوئی فائرنگ کے نتیجے میں بھارت کے دو فوجی زخمی ہوگئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز شام کو دونوں طرف کی بندوقیں خاموش ہوئی تھیں تاہم دوران شب اور بعد میں آج صبح طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ پھر ہوا۔
بھارت اور پاکستان کے مابین جب بھی لائن آف کنٹرول یا بین الاقوامی سرحد پر ایسا کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو دونوں ممالک ایک دوسرے پر2003کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عاید کرتے ہیں۔