بلال فرقانی
سرینگر// پائین شہر کے پانداں علاقے میں کتوں کے ایک جھنڈ نے ہفتہ کو ایک بزرگ خاتون پر حملہ کرکے اس کو لہو لہان کردیا جبکہ مقامی آبادی نے سرینگر میونسپل کا رپوریشن پر غفلت شعاری کا الزام عائد کیا ۔شہر میںکتوں کی ہڑبونگ کے نتیجے میں مقامی آبادی سخت پریشان ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی دوپہر کو کتوں نے راہ چلتی ایک خاتون کو نشانہ بناتے ہوئے اس پر حملہ کیا،جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ آس پاس کے لوگوں نے خاتون کو بچانے کی پہل کی اور مذکورہ خاتون کو کتوں کے نرغے سے باہر نکال دیا تاہم اس وقت تک کتوں نے اس کو لہو لہان کردیا تھا۔ بعد میں خدیجہ نامی اس خاتون کو صدر اسپتال پہنچایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا علاج و معالجہ کیا۔مقامی لوگوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے عملے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بار ہا انہیں علاقے میں کتوں کی تعدادمیں بے پناہ اضافہ کے بارے میں آگاہ کیا گیا،اور ان سے درخواست کی گئی کہ ان کتوں کو پکڑ کر انکی نسبندی کی جائے تاکہ کتوں کی آبادی پر روک لگائی جاسکے،تاہم انہوں نے مقامی لوگوں کی استدعا کو سرد خانے کی نذر کردیا۔ لوگوں نے کہا کہ انکا باہر نکلنا بھی محال ہوگیا ہے کیونکہ کتے اس قدر مشتعل ہوگئے ہیں،کہ لوگ راہ چلنے سے بھی اب کتراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں اور بزرگوں کو ہمیشہ باہر نکلنے میں خوف محسوس ہوتا ہے اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ویٹنری افسر کو بار بار کی گئی فریاد بھی کوئی رنگ نہیں لائی۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی آبادی کو کتوں کے قہر سے بچائے۔