شیخ ولی محمد
گذشتہ مضمون میں کتب بینی کی اہمیت اور افادیت کو اُجاگر کرنے کی کوشش کی گئی کہ انفارمیشن اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں جب آن لائن پڑھنے کے لئے ہر چیز دستیاب ہے تاہم یہ چیزیں کتابوں کا متبادل نہیں ہوسکتی ۔ علم سے اپنا رشتہ مضبوط بنانے کیلئے جہاں گھروں، محلہ ، بلاک ، تحصیل اور ضلع سطح پر کتب خانوں کا قیام انتہائی ضروری ہے وہیں تعلیمی ادارے میں لائبریری اور ریڈنگ روم ہونا چاہیے تاکہ اُساتذہ اور طلبہ اس سے بھر پور استفادہ کرسکیں ۔ اس لائبریری میں جو کتابیں اساتذہ اور بچوں کے لئے دستیاب ہوں گے ان کی نوعیت اس طرح ہے ؛
٭ تمام کلاسوں کی سیلبس کے مطابق درسی کتابیں ۔
٭ درسی کتابوں کے علاوہ ہر مضمون کے متعلق مزید جانکاری حاصل کرنے کیلئے دیگر کتابیں ۔
٭ چھوٹے بچوں کے لیے ایسی کتابیں جو خوش رنگ مناظر ، ضروری شکلوں اور خاکوں / کارٹونوں سے مزین ہوں ۔
٭ ایسی کتابیں جن کے اسباق بچوں کا تجسس اُبھارنے انہیں پڑھنے پرآمادہ کریں ۔
٭ ایسی کتابیں جو کہانیوں ، قصوں ، ناولوں ، افسانوں ، ڈاراموں ، نظموں وغیرہ پر مشتمل ہوں اور جو بچوں کی دلچسپی کا باعت بنے ۔
٭ سیرتی کتابیں جن میں پیغمبروں ، صحابہ کرام ، بزرگوں ، مورخوں ، مصنفوں ، سائنسدانوں کی زندگی درج ہو۔
٭ دینی کتب جن میں قرآن پاک ، احادیث نبوؐی ، دینیات ، اخلاقیات وغیرہ شامل ہیں۔
اس لائبریری کو فعال بنانے کیلئے ایک لائبریرین تعینات ہو ۔ جو لائبریری میں موجود تمام کتب کا ریکارڈ مفّصل طریقے ڈیجیٹائز(Digitalize )سے رکھیں ۔ کتابیں اجراء کرنے کے لیے مخصوص ریکارڈ رجسٹر / کمپیوٹر ہو ۔ بچوں میں کتب بینی کا ذوق پیدا کرنا کلاس ٹیچرکی ذمہ داری ہے۔ مطالعے کو دلچسپ اور جاندار بنانے کے لیے لائبریری کے ساتھ دارالمطالعہ(Reading Room )ہونا چاہیے جس میں اساتذہ اور طلبہ مختلف اوقات میں مطالعہ کرسکیں ۔ اس ریڈنگ روم میں تعلیمی رسائل ، جرائد ، میگزین اور اخبارات دستیاب ہوں ۔ دیگر لٹریچر کے علاوہ جو مفید اور دلچسپ میگزین( Reading Room )کی زینت بن سکتے ہیں وہ یہ ہیں :
بچوں کی دُنیا :۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان مرکزی سطح کا سرکاری ادارہ ہے جو اردو زبان کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ یہ ادارہ مسلسل بہت سارے عنوانات اور مضامین پر وقتاً فوقتاً اردو میں کتابیں شائع کرتا ہے ۔ کتابوں کے علاوہ دہلی سے ماہانہ ’’ بچوں کی دنیا‘‘ گذشتہ کئی سال سے شائع ہوتا ہے جو ادب اطفال کی دنیا میں ایک اہم ترین سنگ میل ہے ۔ بچوں کے لیے اردو کی تاریخ کا سب سے خوب صورت اور خوب سیرت اس شاندار رسالہ میں معلوماتی مضامین ، دل چسپ قسط وار کہانیاں اور ناول ، پیاری پیاری نظمیں ، ہنسنے ہنسانے کی باتیں ، کہکشاں ، دماغی ورزش ، ننھے فنکار ، ڈاک خانہ جیسے مستقل کالم ہر مہینے شائع ہوتے ہیں ۔ خوبصورت سرورق ، جاذب نظر تصاویر ور رنگین چھپائی کا یہ میگزین 64صفحات پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ اس کی قیمت صرف دس روپےہے ۔ اساتذہ اور بچوں میں اردو زبان کا ذوق و شوق اور جذبہ پیدا کرنے کا یہ ایک موثر ذریعہ ہے۔ ’’بچوں کی دنیا ‘‘کے علاوہ اردو کونسل ماہانہ ’’ اردو دنیا‘‘ اور سہ ماہی’’ فکر و تحقیق‘‘ بھی شائع کرتا ہے۔ جسمیں اردو کے ادبی شاہکاروں کے علاوہ ، علمی مضامین ، ادبی انٹرویو، تاریخ ، سائنس ، صحافت ، نئی کتابوں پر تبصرے ، سرگرمیوں اور سیمناروں کا احوال ، تنقیدی و تحقیقی موضوعات پر فکر انگریز مواد وغیرہ شائع ہوتا ہے ۔ تاہم یہ دونوں میگزین اساتذہ ہی کے لئے مفید ہیں ۔
اردو سائنس :۔ماہنامہ ’’ اردو سائنس‘‘ ہندوستان کا پہلا سائنسی اور معلوماتی ماہنامہ اسلامی فاونڈیشن برائے سائنس و مالوحیات نیز انجمن فروغ سائنس کے نظریات کا ترجمان ہے جو گذشتہ30سال سے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کی ادارات میں شائع ہوتا ہے ۔ اس رسالے کا مقصد یہ ہے کہ اردو دانوں کو سائنس کے قریب لانا اور ان کے درمیان سائنسی مزاج کو رائج کرنا۔60صفحات پر مشتمل اس میگزین کی قیمت 25رووپے ہے۔ جو عنوات اس سائنسی میگزین میں مستقل شائع ہوتے ہیں ان میں پیغام ، ڈائجسٹ ، سائنس کے شماروں سے ، پیش رفت ، میراث ، لائٹ ہاوس ، جھروکا ، سائنس ڈاکشنری وغیرہ شامل ہے ۔ جن بچوں کو سائنس کے ساتھ خاص دلچسپی ہو۔ ان کے لیے یہ اردو میگزین بہت ہی فائدہ مند ہے ۔
سائنس کی دنیا :۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کیمونی کیشن اینڈ انفارمیشن ریسورسیز ( نسکیرNISCAIR)) دہلی کی جانب سے ہر تین ماہ بعد شائع ہوتا ہے ۔ اس رسالہ میں دنیا کے بہترین سائنسدان مختلف موضوع پر لکھتے ہیں۔ اس رسالہ کا مقصد بھی سائنس کو عام کرنا ہے خاص کر یہ رسالہ ان لوگوں کے لیے شائع کیا جاتا ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے محروم ہیں اور اردو جاننے والے ہیں ۔اس میگزین کے منتخب موضاعات یہ ہیں ۔ جدید ٹیکنالونی ، ماحول کی آلودگی وجوہات اور علاج ، پانی کو بچانے کیلئے سائنسی طریقے ، جانوروں اور پودوں کے بارے میں تازہ معلومات ، سائنس کی کوئی نئی تحقیق ، سائنس کارٹون ، سائنسی سوالات و جوابات ، بچوں کے لیے سائنس وغیرہ ۔ 54صفحات پر مشتمل اس رنگین میگزین کی قیمت صرف 10روپے ہے ۔ اردو اور سائنس کے شوقین اساتذہ اور بچوں کے لیے یہ ایک بیشن بہاتحفہ ہے ۔
Tell Me Why :۔انگریزی زبان میں شائع ہورہا یہ ماہنامہ Monorama کی طرف سے شائع ہوتا ہے ۔ 100صفحات پر مشتمل یہ میگزین ہرماہ ایک ہی سائنسی عنوان یا دیگر کسی ادبی یا تاریخی موضوع پر شائع ہوتا ہے جسکی وجہ قاری کافی حد تک متعلقہ موضوع کے بار ے میں جانکاری حاصل کرتا ہے ۔ مضمون کے مواد کے ساتھ ساتھ Imagesبھی ہوتی ہیں جنہیں بچے آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔ بچوں میں دلچسپی بڑھانے کے لیے ذہنی آزمائش کا مقابلہ بھی ہوتا ہے ۔ اور ان میں کامیابی پانے والوں کو انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ Tell Me Why کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ میگزین کے آخر پر نئے شمارے کے عنوان کا اعلان کیا جاتا ہے جسکی وجہ سے بچے نئے شمارے کے انتظار میں رہتے ہیں۔ اس انگریزی ماہنامہ کی قیمت 45روپے ہے ۔
Science Reporter :۔ سائنس رپورٹر ہر مہینے National Institute of Science Communication and Inforamtion Resources ( NISCAIR )نئی دہلی کی جانب سے شائع ہوتا ہے ۔ میگزین کے نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ جریدہ سائنس کے بارے میں ہے۔ 68صفحات پر مشتمل اس میگزین میں تازہ ترین سائنسی تحقیقات اور ایجادات ، سائنسی خبرین ، عجیب و غریب سائنسی حقائق ، سائنس فیکشن ، سائنس کا رٹون ، مباحثے ، کوئز ، سائنسی مقابلے ، سائنسی سرگرمیوں کی روداد وغیرہ شامل ہوتی ہے ۔ اس کا معیار بڑے طالب علموں کے مطابق ہے ۔ سیکنڈری سطح اور اسے اوپری کلاسوں کے طلبہ اسے مستفید ہوسکتے ہیں ۔
Knowledge Quest :۔ 52صفحات پر مشتمل یہ انگریزی ماہنامہ جے پور راجستھان سے شائع ہوتا ہے اور اسکی قیمت 25روپےہے ۔اس میگزین کا اہم مقصد طلبہ میں سائنسی مزاج اور رجحان پیدا کرنا ہے ۔ میگزین کے اکثر مضامین What , How , When , Why وغیرہ استفہامی لفظوں سے شروع ہوتے ہیں ۔ میڈیکل سائنس سے متعلق معلومات آسان زبان میں ہوتی ہے جسے بچے آسانی سے سمجھ سکتے ہیں ۔ جنرل نالج سے جڑ ئے ہوئے معلومات بھی میگزین کا حصہ ہو تی ہے۔ بچوں میں مطالعہ کا جذبہ اور شوق اُبھارنے کے لیے سوالات پر مبنی Intelligence Test , Knowledge Test، Picture Quiz کے مقابلے ہوتے ہیں ۔ سوالات کے صحیح جوابات دینے والوں کے نام نئے شمارے میں شائع ہوتے ہیں اور پہلے 5جیتنے والوں کو انعامات سے بھی نوازا جاتا ہے ۔
English Today :۔دہلی سے شائع ہونے والا یہ میگزین انگریزی زبان کو سیکھنے کے لیے بہت ہی مفید اور معاون ثابت ہو رہا ہے ۔ میگزین کے سرورق پر ایک معلوماتی Quotationہوتی ہے جو طلبہ میں علمی ذوق پیدا کرتی ہے ۔ انگریزی زبان سیکھنے کے لیے اس رسالے میں گرائمر کی مختلف چیزیں سلسلہ وار / قسط وار شائع ہوتی ہیں جس کی وجہ سے قارئین با قائدگی کے ساتھ اس میگزین سے جڑے ہوئے ہیں۔ بچوں میں تخلیقی صلاحیت اُبھارنے کے لیے کئی کارگر طریقے میگزین کا حصہ ہیں 84صفحات کے اس میگزین کی قیمت صرف 20روپے ہے۔
WISDOMـ :۔ ’’وزڈم‘‘بین الاقوامی سطح کا انگریزی میگزین ہے جو قریباً نصف صدی سے چنئی سے ہر ماہ شائع ہوتا ہے۔ Wisdomکثیر جہتی رسالہ ہے جسمیں سائنس ، تاریخ ، انگریزی زبان ، جنرل نالیج وغیرہ کے بارے میں مختصر مضامین تصاویر کے ساتھ شائع ہوتے ہیں ۔ ہر صفحہ کے نیچے کسی مصنف محقق کی Quotationدرج ہوتی ہے جبکہ میگزین کے سرورق اور بیک پیج پر ارسال کردہ اور منتخب شُدہ کسی بچے کی خوبصورت تصویر ہوتی ہے ۔ یہ میگزین 66صفحات کا ہے اور اس کی قیمت 20روپے ہے ۔
National Geographic Kids :۔ Manoramaکی طرف سے یہ میگزین گذشتہ کئی برسوں سے شائع ہوتا ہے اور یہ چھوٹے بچوں کے لئے بہت مفید ہے اس میگزین میں جانوروں پرندوں اور حیوانوں کے بارے میں خوبصورت تصاویر کے ساتھ دلچسپ انداز میں معلومات ہوتی ہیں ۔
ای میل۔[email protected]
(نوٹ۔ اس مضمون میں ظاہر کی گئی آراء مضمون نگار کی خالصتاً اپنی ہیں اور انہیں کسی بھی طور کشمیر عظمیٰ سے منسوب نہیں کیاجاناچاہئے۔)