کتاب و سنت کے حوالے سے مسائل کا حل مفتی نذیر احمد قاسمی

سوال:۱-قربانی کس پر لازم ہے اور جس پر قربانی لازم نہ ہو اگر وہ قربانی کرے گا تو کتنا ثواب ہوگا او رجس پرقربانی لازم ہو وہ نہ کرے تو اس کے لئے شریعت کا کیا حکم ہے ؟
سوال :۲-آج کل بہت سے دینی ادارے بھی اور فلاحی امدادی یتیم خانے قربانی کا اجتماعی نظام کے لئے اپیلیں کرتے ہیں ۔کیا اس طرح قربانی ادا ہوجاتی ہے ؟ اگر کسی کو اس طرح کے ادارے سے قربانی کرنے کی ضرورت ہوتو اس بارے میں کیا حکم ہے اور اگرکوئی بلاضرورت صرف رقم کم خرچ کرنے کے لئے ایسا کرے تو کیا حکم ہے ؟
عبدالعزیز ۔کپوارہ،کشمیر
قربانی کن پر واجب ؟
جواب:ا۔جس شخص کے پاس مقدارِ نصاب مال موجود ہو اُس پر قربانی واجب ہے ۔ نصاب 612گرام چاندی یا اُس کی قیمت ہے۔اب جس شخص کے پاس عیدالاضحی کے دن صبح کو اتنی رقم موجود ہو تو اُس شخص کو شریعت اسلامیہ میں صاحبِ نصاب قرار دیا گیا ہے ۔ ایسے شخص پر مرد ہو یا عورت اُس پر قربانی کرنا لازم ہے ۔ اگرایام قربانی میں اُس نے قربانی نہ کی تو اُس کے بعد اُس کو اتنی رقم صدقہ کرنا لازم ہے ۔ اگر قربانی بھی نہ کی اور بعد میں صدقہ بھی نہ کیا تو وہ گنہگار ہوگا۔اب جس پر قربانی لاز م ہے جب وہ قربانی کا عظیم عمل کرتاہے تو اسے بے انتہا فضیلت حاصل ہوتی ہے ۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : قربانی کے جانور کاخون زمین پر گرنے سے پہلے پہلے قربانی کرنے والے کے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ ایک حدیث میں ہے قربانی کے جانور کے جسم پر جتنے بال ہوتے ہیں اُتنی نیکیاں اُس کے نامۂ اعمال میں لکھی جاتی ہیں ۔ ایک حدیث میں عیدالاضحی کے دن قربانی سے زیادہ اور کوئی عمل اللہ کو اس سے زیادہ پسند نہیں ہے ۔
قربانی وکالتاً دُرست
جواب:۲-اجتماعی قربانی کا یہ سلسلہ جویہاں بہت سے دینی مدرسے اور کچھ ادارے انجام دیتے ہیں ، یہ دُرست ہے ۔ یہ دراصل وکالتاًقربانی ہے ۔ جیسے کہ وکالتاً صدقہ وزکوٰۃ اداہوتی ہے ۔اسی طرح قربانی بھی ادا ہوتی ہے ۔جب زکوٰۃ دینے والا کسی معتمدادارے کو زکوٰۃ دیتاہے او روہ ادارہ اُس زکوٰۃ دینے والے شخص کی طرف سے وکیل بن کر مستحقین پر زکوٰۃ صرف کرتاہے۔ اس طرح کوئی ادارہ قربانی کرنے والوں کی طرف سے وکیل بن کر قربانی کرتاہے ۔
حضرت نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی قربانی (جو حج کی قربانی تھی)کے 100اونٹوں میں سے 63اونٹ خود ذبح فرمائے اوربقیہ اونٹ حضرت علی ؓ نے قربانی کئے ۔ یہ حضرت علی ؓ کا حضور صلی اللہ علیہ سولم کی طرف سے وکالتاً قربانی کرنا تھا۔اسی طرح خواتین کی طرف سے اُن کے مردذبح کرتے ہیں یا اکثر مسلمان خود اپنے ہاتھ سے ذبح نہیں کرتے بلکہ قصائی سے ذبح کراتے ہیں ۔ یہ سب وکالتاً قربانی ہوتی ہے ۔ اس طرح وکالتاً قربانی کرنے کا یہ سلسلہ پورے عالم میں حتیٰ کہ حرمین الشریفین میں بھی ہمیشہ جاری ہے اور آج بھی لاکھوں قربانیاں وکالتاً ہوتی ہیں۔ اس لئے یہ مکمل طور پر دُرست ہے ۔اس میں رقم کم نہیں برابر خرچ ہوتی ہے۔بڑے جانورمیں سات حصے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال:-ہمارے علاقے میں کچھ پرائیوٹ سکول ہیں ۔ جہاں مروّجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ عربی کتاب منہاج العربیہ بھی پڑھائی جاتی ہے ۔ یہ سکول چونکہ پرائیوٹ ہیں ۔ اس لئے یہ بچوں سے فیس وصول کرتے ہیں ۔ کیا ان سکولوں میں قربانی کی کھالیں دینا درست ہے ۔یہ سکول قربانی کی کھالیں جمع کرتے ہیں پھر ان کو فروخت کرتے ہیں اور یہ رقم تنخواہوں پر خرچ کرتے ہیں۔اب آپ سے سوال ہے کہ کیا ایسا کرنا درست ہے ۔ یہ کھال لینا دینا اور تنخواہوں پر خرچ کرنا کیسا ہے ؟
غلام محمد ۔ سونا واری
پوست ہائے قربانی کے معاوضہ کا صحیح استعمال
جواب:-قربانی کی کھال اپنے ذاتی استعمال میں لانا اسی طرح درست ہے جیسے قربانی کا گوشت اپنے ذاتی کھانے پینے میں استعمال کرنا درست ہے لیکن قربانی کی کھال کو اگر فروخت کیا گیا تو اب یہ قیمت ٹھیک اسی طرح کا حکم اختیارکرلیتی ہے جیسے زکوٰۃ اور صدقۂ فطر کی رقم کا حکم ہے اور اگر کسی نے جانور قربان کرکے اس کا گوشت فروخت کردیا تو اس کے لئے بھی یہی حکم ہے کہ اب قربانی کے گوشت کی قیمت زکوٰۃ کا حکم رکھتی ہے ۔ لہٰذا چرم قربانی کی قیمت صرف غریبوں ،مسکینوں اور محتاجوں کا حق ہے ۔ یہ نہ کسی تعمیر پر خرچ کرنا درست ہے نہ کسی معاوضہ میں خرچ کرنا جائز ہے ،نہ تنخواہوںمیں یہ رقم خرچ کرنا درست ہے ۔
کوئی بھی دینی مدرسہ یا سکول چاہے وہ کچھ عربی زبان بھی پڑھائے یا دینیات کا نصاب بھی رکھتے ہوں ان سب میں سے کسی کے لئے شرعاً یہ ہرگز جائز نہیں ہے کہ چرم قربانی کی قیمت تعمیرات پر یا تنخواہوں پر خرچ کریں ۔ جو مدرسہ یاسکول ایسا کرتاہے،ان کو چرم قربانی دینا بھی ناجائز ہے اور ان کو جمع کرنا اور پھر تنخواہوں پر خرچ کرنا بھی ناجائز ہے۔سکول میں جو سٹاف کام کرتا ہے یا کسی مدرسہ میں جو عملہ کام کرتاہے ان پر بھی لازم ہے کہ وہ سکول انتظامیہ سے مطالبہ کرے کہ وہ ناجائز طور پر تنخوا ہ دے کر ہمارے لئے غیر شرعی رقم استعمال کرانے کا اقدام ہرگز نہ کریں ۔ وہ دینی مدرسہ جہاں بچوں کے کھانے پینے ، کپڑوں ،علاج معالجے اور کتابیں دینے کا نظام ہے اور وہ زکوٰۃ ، صدقۂ فطر اور چرم قربانی کی رقم ان ہی ضروریات میں خرچ کرتے ہیں اور اس کا پورا اہتمام کرتے ہیں کہ زکوٰۃ،چرم قربانی تعمیرات پر، تنخواہوں پر غیر شرعی طور پر خرچ نہیں کرے ۔بس ایسے ہی دینی اداروں میں چرم قربانی دینا درست ہے ۔ بلکہ اس میں کتنے فائدے ہیں۔ اشاعت دین میں تعاون ، تعلیم دین پڑھنے والے غریب طلبہ کی اعانت وغیرہ ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال-قربانی کی کھال کن کن مصارف پر خرچ کرسکتے ہیں ۔ہماری ایک درسگاہ ہے جس میں صبح شام بچے پڑھتے ہیں ۔پڑھانے والے اُستاد کو تنخواہ بھی دینی ہوتی ہے اور درس گا ہ کی بلڈنگ میں بھی کچھ تجدید کی ضرورت ہے ۔ درسگاہ کے لئے فرش کی بھی ضرورت ہے۔ اب گذارش ہے کہ کیا ہم قربانی کی کھالیں جمع کر کے ان کاموں پر خرچ کرسکتے ؟
محمد حسنین …ہندوارہ
قربانی کی کھال کے مصارف
جواب:- قربانی کی کھال کا استعمال دو طرح ہوا کر تاہے ۔ ایک تو یہ کھال جو ں کی توں استعمال کی جائے مثلاً جائے نمازبنائی جائے یا بچھانے کے لئے استعمال کی جائے یا اس کا مشکیزہ یعنی آٹا وغیرہ رکھنے کے لئے تھیلا بنایا جائے ۔ اس طرح کا استعمال خود قربانی کرنے والے کے لئے بھی جائز ہے اور اگر کسی دوسرے شخص کو وہ کھال دے اور اسی طرح کا استعمال کرے تو یہ بھی جائزہے۔ چاہے لینے والا امیر ہو یا غریب اور اگر وہ کسی دوسرے شخص کو وہ کھال دے اور وہ اسی طرح کا استعمال کرے تو یہ بھی جائزہے۔ چاہے لینے والا امیر ہو یا غریب اور یہ ایسے ہی ہے جیسے قربانی کا گوشت، قربانی کرنے والا خود بھی استعمال کرسکتا ہے اور دوسروں کو بھی دے سکتاہے ۔ چاہے گوشت لینے والا امیر ہو یا قریبی رشتہ دار۔ دوسرا طریقہ استعمال کا یہ ہے کہ کھال فروخت کردی جائے اور اس کی قیمت سے فائدہ اٹھایا جائے ۔ اگر قربانی کی کھال فروخت کردی گئی تو یہ قیمت ، قربانی کرنے والا خود بھی استعمال نہیں کرسکتا ہے اور نہ ان افراد کو یہ قیمت دے سکتے ہیں جہاں زکوٰۃ صرف کرنا ناجائز ہے مثلاً مسجد ، درسگاہ کی تعمیر ، معلم کی تنخواہ ، لائبریری یا شفاخانہ وغیرہ ۔دراصل اس کے لئے اصول یہ ہے کہ قربانی کی کھال جوں کی توں ہر شخص اور ہر جگہ استعمال کرنا جائز ہے حتیٰ کہ مسجدوں میں بطور جائے نماز بھی استعمال کرنے کی اجازت ہے لیکن اگر قربانی کی کھال فروخت کردی گئی تو اب یہ قیمت صدقات واجبہ میں شامل ہو جائے گی جیسے زکوٰۃ اور صدقۂ فطر وغیرہ ۔ اس صورت میں اس کا مصرف وہی ہوگا جو زکوٰۃ وغیرہ کا ہے ۔اور یہ نہ مساجد اور نہ مدارس کی تنخواہ ،نا تعمیرات اور نہ دوسرے سماجی یا رفاہی ادارے اس کا مصرف ہیں ۔یہ تفصیل جواہرالفقہ (از مفتی محمد شفیع صاحب سابق مفتی اعظم دارالعلوم دیوبند و مفتی اعظم پاکستان)میں بھی موجود ہے ۔اور فتویٰ کی مستند کتابوں مثلاً فتاویٰ محمودیہ ، فتاویٰ رحیمیہ وغیرہ میں بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ مسائل قربانی از مولانا محمد رفعت قاسمی میں بھی یہ مسائل مختلف کتابوں کے حوالوں سے موجود ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال- ہم نے ایک بچھڑے کی قربانی کو نیت سے پالا تھا لیکن وہ کہیں گم ہوگیااب اس بچھڑے کی گمشدگی کے باوجود کیا ہم پر قربانی کرنا لازم ہوگی۔
انظر احمد ۔کپواڑہ
گمشدہ جانور کا مسئلہ
جواب:- اگر شرعی ضوابط کے مطابق آپ پرقربانی واجب ہے تو بچھڑے کے گم ہونے کے باوجود آپ کو قربانی کرنا لازم ہے ۔ اور اگر آپ پر قربانی واجب نہیں ہے تو پھر بچھڑے کے گم ہونے کے بعد آپ پر قربانی کرنا لازم نہیں ۔
قربانی ہر اس مسلمان پر لازم ہے جو عیدالضحیٰ کے دن ۶۱۲گرام چاندی یا اس کی قیمت کے بقدر رقم کا مالک ہو ۔ یعنی جس مقدار پر زکوٰۃ اور صدقہ لازم ہوتاہے اگر وہ مقدار موجود ہے تو پھر بہرحال قربانی کرنا لازم ہے جیسے کوئی شخص زکوٰۃ کی ادائیگی کے لئے رقم مخصوص کرچکا تھا مگر ادائیگی سے پہلے رقم گم ہوگئی تو دوسری رقم ادا کرنی لازم ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال:-اگر کسی عورت کے پاس اتنے زیورات ہوں جن پر زکوٰۃ کا حکم لاگو ہو جاتاہے کیا اس عورت پر قربانی بھی لازم ہو جاتی ہے ۔اگر اس کے ذمہ قربانی بھی ضروری ہو تو وہ عورت رقم کہاں سے لائیگی اور قربانی کریگی ۔ کیا ایسی عورت اپنے شوہر سے مطالبہ کرنے کا حق رکھتی ہے کہ شوہر اس کی طرف سے قربانی کرے۔
ایک خاتون…نوشہرہ سرینگر
خواتین کے ملکیتی زیورات اور قربانی کا مسئلہ
جواب:- قربانی جس طرح مرد پر لازم ہوتی ہے اسی طرح عورت کے پاس جب اتنی مالیت کے زیورات ہوں جن پر زکوٰۃ لازم ہوجاتی ہے تو اس عورت پر بھی قربانی لازم ہے۔ نقد رقم نہ ہو تو زیورات فروخت کرکے قربانی کرے یا اپنے شوہر سے قرض لیکر قربانی کر ے اگر شوہر خوشی و رضامندی سے زوجہ کی طرف سے بھی قربانی کرے یہ شوہر کازوجہ پر خصوصی احسان ہوگا ۔ اگر زوجہ کی طرف سے قربانی نہ کرے تو زوجہ گنہگارہوگی کیونکہ یہ حکم اُسی پر ہی ہے ۔زیورات ایک قیمتی مال ہے اگر یہ مال اللہ کا حکم پورا کرنے میں صرف ہو تو ایک صاحبِ ایمان کے لئے اس میں لیت ولعل کرنے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے ؟ لہٰذا جس عورت پر قربانی لازم ہو ہ لازماً قربانی کرے۔ چاہے شوہر کی معاونت سے یا اپنے زیورات بیچ کر ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔