سوال: کیا حافظ صاحب کی نماز عام امام کے پیچھے ہوتی ہے؟وضاحت فرمائیں ۔
دانش ندوی ۔الٰہی باغ سرینگر
امام کے لئے اوصافِ امامت لازمی
جواب:عالم کی نماز غیر عالم کے پیچھے ،حافظ کی نماز غیر حافظ کے پیچھے اور مفتی کی نماز غیر مفتی کے پیچھے درست ہے ،البتہ امام کے اندر امامت کے تمام اوصاف ہونا ضروری ہیں تاکہ تمام مقتدیوں کی نماز اُس کے پیچھے درست ہوجائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: ۔آج جگہ جگہ اور محلے محلے میں بیت المال ہیں،جہاں صدقات وغیرہ جمع کئے جارہے ہیں،حالانکہ اس میں زکوٰۃ ،صدقات اور امداد سب کچھ ایک ساتھ جمع کررہے ہیں اور پھر زکوٰۃ و صدقات کے مصارف اور امداد کے مصارف میںفرق نہیں کرپاتے۔عرض یہ ہے کہ بیت المال کے احکام اور اس میں کون کون سی رقم جمع کی جاسکتی ہے اور کس طرح خرچ کی جاسکتی ہے؟برائے کرم یہ سارے ضروری احکام بیان فرمایئے۔
العبد عبدالمجید۔ کپوارہ
بیت المال:رقوم وہاں خرچ کرنا لازم
جس کے لئے لی گئی ہوں
جواب:بیت المال قائم کرنا ایک مستحسن اور پسندیدہ عمل ہے مگر اس کے لئے چنداہم اموراپنانا ضروی ہے ،ورنہ طرح طرح کی غلطیاں ہوتی ہیں ۔بیت المال قائم کرنے کے پیچھے جذبہ مخلصانہ ہو،کام کرنے اور بیت المال چلانےوالے افراد مخلص ہوں۔حسابات میں مکمل طور پر امانت دار ہوں،بیت المال کے اصول و ضوابط سے واقف ہوںاور مختلف مدّات کو اپنےاپنے مصارف میںخرچ کرنے کی سخت پابندی کرنے والے ہوں۔زکوٰۃ کی رقوم صرف اس جگہ خرچ کریں جہاں اس کی اجازت ہے اور دوسری امدادی رقوم وہاں خرچ کی جائیں ،جہاں خرچ کرنے کے لئے وہ رقوم لی گئی ہوںیا دی گئی ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال:ہمارے یہاں زکوٰۃ کا معمول ہے کہ جب رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو زکوٰۃ ادا کرتے ہیں لیکن ہر جگہ بیت المال ہے ،پھر یہ جمع کرکے سالہا سال گذرجاتے ہیں اور یہ لوگ تھوڑا تھوڑاخرچ کرتے ہیں پھر کیا ان کی زکوٰۃ ادا ہوجاتی ہے یا نہیں؟
منیب الرحمان ۔بونیار
رقوم سال گزرنے سے پہلے مستحقین تک پہنچانا لازمی
جواب:۔بیت المال میں جب زکوٰۃ کی رقم جمع کی جائے تو جتنا جلد سے جلد ہو ،یہ مستحق افراد تک پہنچادی جائے۔اگر جمع کرکے رکھی جائے تو صرف اس حد تک کہ سال گذرنے سے پہلے مستحق افراد کو ماہانہ امداد کے طور پر دی جائے۔سالہا سال جمع رکھنا ہرگز صحیح نہیں اور یہ اُن ذمہ داروں کی غلط روش ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: زید نے بنک میں اپنی جمع شدہ رقم کا سود علاحدہ کرکے اپنے پیسے نکال لئے اور سود کا پیسہ بنک میں ہی رکھا ۔اب کسی حاجت کی وجہ سے زید کو بنک سے قرضہ لینا پڑا ۔کیا جمع شُدہ سود کا پیسہ قرض میں لی گئی رقم کے سود کے طور ادا کیا جاسکتا ہے؟
شفیق ریاض۔پہلگام
بچت کھاتوں سے حاصل ہونے والاسود
بینک قرض پر بطور سود دینا درست
جواب:بینک میں جمع شُدہ رقم کا سودا اگر بنک کے قرضہ میں لازم ہونے والے سود کی جگہ دیا جائے تو درست ہے یعنی سود کی جگہ خرچ کرنا درست ہے ،نیز بنک کے ذریعہ حاصل ہونے والے سود کو انکم ٹیکس یا جی ایس ٹی نام کےٹیکس میں دینا بھی درست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال:مفتی صاحب !(Coldrinks) مشروبات پینا کیسا ہے۔کیا اس کے پینے سے تقویٰ پر کوئی اثر پڑتا ہے؟کچھ لوگ کہتے ہیں کہ coldrinks پینے سے تقویٰ میں کمی ہوتی ہے۔
محمد حارث ۔سرینگر
الکوحل والے مشروبات کا استعمال ناجائز
جواب:مشروبات کی جو اقسام آج بازاروں میں دستیاب ہیں ،اُن میں وہ مشروبات بھی ہیںجن میں الکوحل ہوتا ہے ،وہ تمام استعمال کرنا جائز نہیں۔اس لئے کہ الکوحل مکمل نشہ ہے اور خمر یعنی شراب ہےاور وہ حرام ہے،چاہے کم مقدار میں ہو۔اور جن مشروبات میں الکوحل نہیں ہے ،اُن کا استعمال کرنا جائز ہے۔اس لئے کہ ان میں کوئی حرام یا نجس چیز کی ملاوٹ جب نہیں ہے تو اُس کو اسلام منع نہیں کرسکتا۔البتہ ان مشروبات کے طبی طور پر مفید یا مضر اثرات کا فیصلہ طب کے ماہرین کرسکتے ہیں۔لہٰذا صحت کی کیفیت پر مثبت و منفی فوائد کی رہنمائی اُنہی سے لی جائے۔بعض حالات میں یہ اسراف میں آتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: (۱)کیا موبائل پر قرآن پڑھ سکتے ہیں ؟ اگر ہاں تو پھر یہ بتایئے کہ اگر وہی موبائل لے کر بندہ باتھ روم میں یا پیشاب کرنے جاتا ہے تو اس پر کیا حکم ہے؟ اور اگر اجازت ہے تو کیا میں ٹیک لگاکر یا ٹانگیں پھیلاکر ورد کرسکتا ہوں؟
(۲) دوسرا یہ کہ میں لیٹ کر درود شریف کا ورد کرسکتا ہوں یا ٹیک لگاکر یا Bed)) بیڈ پر سوتے سوتے ؟
جُنید احمد۔ اسلام آباد، اننت ناگ
موبائیل فون پر تلاوت کیلئے باوضو ہونا لازمی
جواب:(۱) موبائل میں قرآن کریم ڈاون لوڈ کیا گیا ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔پھر یہ موبائل سوئچ آن ہو یا سوئچ آف ،اس میں بھی کوئی حرج نہیںکہ یہموبائل بیت الخلا میں ساتھ لے جائیں۔یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی شخص بیت الخلا جائے ،جبکہ اُس کے حافظہ اور دماغ میں قرآن کریم کا بہت سارا یا پورا قرآن کریم محفوظ ہوتا ہے،اور پھر بھی وہ شخص بیت الخلا جاتا ہے۔پھر اس موبائل پر جب تلاوت کی جائے تو باوضو ہونا ضروری ہے ۔اس لئے کہ انگلی سے موبائل اسکرین کو ٹچ کرنا پڑے گا ۔لہٰذا باوضو ہوکر تلاوت کی جائے۔ٹیک لگاکر تلاوت کرنے کی اجازت ہے۔اور اگر ٹانگوں میں تکلیف ہو ،انہیں موڑکر رکھنے میں مشکل ہو تو مجبوری میں پھیلانے کی گنجائش ہے لیکن آخری بات یہ کہ سب سے افضل یہ ہے کہ صحیفۂ مبارک ہاتھ میں لے کر قرآن کریم کی تلاوت کی جائے،اور تلاوت کے تمام آداب کے ساتھ ہو۔
لیٹ کر دعائیں، وظائف اور درودشریف پڑھنا درست
جواب:(۲) لیٹ کر مسنون دعائیں ،اوراد ،وظائف ،درود شریف ،استغفار اور کلماتِ مسنون پڑھنا درست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال:- کسی حاجت کو پورا کرنے کے لئے اللہ کی راہ میں کچھ خرچ کرنے کو نذر کہتے ہیں ۔ نذر رکھنے کا شرعی طریقہ کیاہے ؟ کیا نذرکی رقم یا چیز مسجد کی تعمیر یا مدرسہ کودی جاسکتی ہے ۔ اگر نذر کوئی جانور ہو تو اس گوشت کو کن لوگوں میں بانٹاجائے ۔
ابوعقیل … سوپور
نذراداکرنے کا شرعی طریقہ
جواب:-نذرکاشرعی طریقہ یہ ہے کہ اپنے کسی مشکل مرحلے کے لئے یا کسی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے اس طرح زبان سے نیت کی جائے ۔
اگر میرا یہ معاملہ حل ہوگیا ، یا میری یہ ضرورت پوری ہوگئی یا ہمارا فلاںبیمار تندرست ہوگیا تو میں اللہ کی راہ میں اتنی رقم صدقہ کروں گا۔ یا جانور قربان کروں گا ۔ یا یہ مجھ پر لازم ہے ۔ پھر جب وہ معاملہ حل ہوجائے یا وہ مشکل حل ہوجائے گا ۔تواتنی رقم صرف غریبوں میں تقسیم کی جائے ۔ یہ رقم مسجد میں خرچ کرنا درست نہیں ہے ، ہاں جس مدرسہ میں غریب بچوں پر کھانے پینے میں یہ رقم خرچ ہوسکتی ہواُس مدرسہ میں نذر کی یہ رقم دینا درست ہے جیسے زکوٰۃ وصدقہ فطر کی رقم اُن مدارس میں دینا درست ہے ۔اگر قربانی کی نذر مانی تو اس جانور کا گوشت سارے کاساراغرباء میں تقسیم کرنا ضروری ہے ۔نذرکے لئے ضروری ہے کہ جس کام کو انسان اپنے اوپر لازم کرے اُس کی کوئی قسم شریعت سے پہلے ہی لازم کی ہو ۔
مثلاً نماز، روز ہ، صدقہ ، حج ، قربانی ، خیرات انہی کاموں کو جب کوئی شخص اپنے اوپر لازم کرے گا تو وہ شرعی نذر بن جائے گی۔اگر کسی ایسے کام کو اپنے اوپر لازم کیا گیا جو شریعت نے نہیں بھی لازم نہ کیا ہوتو وہ نذر نہیں بنے گی۔ اس لئے وہ عبادت نہ ہوگی اور نذر عبادت کے قبیل سے ہے چاہے بدنی عبادت ہویا مالی عبادت ہو۔
کتاب و سنت کے حوالے سے مسائل کا حل مفتی نذیر احمد قاسمی
