مفتی نذیر احمد قاسمی صدر مفتی دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ
سوال : چار رکعت والی نماز میں اگر غلطی سے پہلی یا تیسری رکعت میں قعدہ(التحیات) کے لئے بیٹھ گئے تو نماز کا کیا حکم ہے۔ کیاسجدہ سہَو کرنا لازم ہے؟
ابو الیاس ۔بارہمولہ
غلطی سے قعدہ کیلئے بیٹھنے کا مسئلہ
جواب : نماز کی پہلی یا تیسری رکعت میں اگر بھول کر کوئی شخص بیٹھ جائے ،تو یہ بیٹھنا اگر بہت کم ہو ،جیسے جلسۂ استراحت ہوتا ہے ،تو اس میں کوئی حرج نہیںاور اگر تین تسبیح کے بقدر ہو تو پھر سجدۂ سہَو لازم ہوگا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال :(۱) لفظ طلاق کے علاوہ کن الفاظ کے کہنے سے نکاح ٹوٹ جاتا ہے۔ اس بارے میں رہنمائی از حد ضروری ہے۔
حارث رحمان۔گاندربل
کِن الفاظ سے طلاق واقع ہوجاتی ہے
جواب:(ا) لفظ طلاق کے علاوہ دوسرے بہت سارے الفاظ سے بھی طلاق واقع ہوجاتی ہے ،اُن الفاظ کو کنائی الفاظ کہتے ہیں ۔مثلاً شوہر یہ کہے،دفع ہوجائو ،تم میرے لئے حرام ہو۔تم آج کے بعد میرے لئے اجنبی ہو یا بہن بیٹی کی طرح ہو ،مجھ سے پردہ کرو ،وغیرہ۔ان الفاظ سے تب طلاق واقع ہوگی جب طلاق کی نیت سے یہ الفاظ بولے جائیںیا طلاق کا مطالبہ ،دھمکی یا مذاکرہ ہو ۔ان الفاظ کنائی میں ایسے بھی الفاظ ہیں جن سے بغیر نیت کے بھی طلاق واقع ہوجاتی ہے.یہ وہ الفاظ ہیں جو عُرف میں طلاق کے لئے رائج ہوچکے ہوں،جیسے یہاںکشمیر میں ’’زنان مُوکلاون‘‘کا محاورہ طلاق کے لئے تقریباً طے ہے۔یا بہار میں ’’جواب دینا‘‘ طلاق دینے کے عُرف بن چکا ہے۔ان الفاظ سے بغیر ِارادہ کے بھی طلاق واقع ہوجائے گی۔اس کی تفصیل فقہ کی کسی مستند کتاب میں دیکھئے۔مثلاً دین کی باتیں :از حضرت تھانویؒ ۔علم الفقہ:از مولانا عبدالشکورلکھنوی ۔اسلامی فقہ:از مولانا مجیب اللہ ندوی۔آسان فقہ: از مولانا محمد یوسف اصلاحی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: ۱۔قنوت نازلہ ،کن حالات میں پڑھنا جائز ہے۔کیا موجودہ حالات میں قنوت نازلہ پڑھ سکتے ہیں اور کس نماز میں پڑھنا بہتر ہے؟
سوال: ۲۔جمعہ نماز میں قنوت نازلہ پڑھنا کیسا ہے؟
محمد سالم ۔گاندربل
مصائب کے حالات میں قنوط نازلہ پڑھنا اہم
جواب: ۱۔جب کسی جگہ کے اہل ایمان سخت مشکل ترین حالات کی زد میں ہوں،جان و مال محفوظ نہ ہوںاور ہر طرح کے خطرات کی زد میں ہوں ۔پھر یہ خطرات آسمانی بلائوں ،زمینی مصیبتوں اور آفات کی وجہ سے ہوںیاکسی انسانی طبقہ کے ظلم و ستم کی وجہ سے، تو جیسے اپنی جان و مال اور دین و ایمان کو محفوظ بنانے کے لئے دوسری قسم قسم کی تدابیر اختیار کی جائیں ،اسی طرح قنوت نازلہ بھی پڑھ سکتے ہیں، بلکہ ضرور پڑھنا چاہئے۔
قنوط نازلہ ہر نماز میں پڑھ سکتے ہیں
جواب: ۲۔یہ قنوت ِ نازلہ ہر ہر نماز اور جب حالات زیادہ ہی پُر خطر ہوں تو جمعہ میں بھی پڑھ سکتے ہیںمگر اس کے لئے پوری قوم کا صالح ،متقی ہونا بھی ضروری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: کیا حافظ صاحب کی نماز عام امام کے پیچھے ہوتی ہے؟وضاحت فرمائیں ۔
دانش ندوی ۔ سرینگر
امام کے لئے اوصافِ امامت لازمی
جواب:عالم کی نماز غیر عالم کے پیچھے ،حافظ کی نماز غیر حافظ کے پیچھے اور مفتی کی نماز غیر مفتی کے پیچھے درست ہے ،البتہ امام کے اندر امامت کے تمام اوصاف ہونا ضروری ہیں تاکہ تمام مقتدیوں کی نماز اُس کے پیچھے درست ہوجائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: ۔آج جگہ جگہ اور محلے محلے میں بیت المال ہیں،جہاں صدقات وغیرہ جمع کئے جارہے ہیں،حالانکہ اس میں زکوٰۃ ،صدقات اور امداد سب کچھ ایک ساتھ جمع کررہے ہیں اور پھر زکوٰۃ و صدقات کے مصارف اور امداد کے مصارف میںفرق نہیں کرپاتے۔عرض یہ ہے کہ بیت المال کے احکام اور اس میں کون کون سی رقم جمع کی جاسکتی ہے اور کس طرح خرچ کی جاسکتی ہے؟برائے کرم یہ سارے ضروری احکام بیان فرمایئے۔
عبدالمجید۔ کپوارہ
بیت المال:رقوم وہاں خرچ کرنا لازم
جس کے لئے لی گئی ہوں
جواب:بیت المال قائم کرنا ایک مستحسن اور پسندیدہ عمل ہے مگر اس کے لئے چنداہم اموراپنانا ضروی ہے ،ورنہ طرح طرح کی غلطیاں ہوتی ہیں ۔بیت المال قائم کرنے کے پیچھے جذبہ مخلصانہ ہو،کام کرنے اور بیت المال چلانےوالے افراد مخلص ہوں۔حسابات میں مکمل طور پر امانت دار ہوں،بیت المال کے اصول و ضوابط سے واقف ہوںاور مختلف مدّات کو اپنےاپنے مصارف میںخرچ کرنے کی سخت پابندی کرنے والے ہوں۔زکوٰۃ کی رقوم صرف اس جگہ خرچ کریں جہاں اس کی اجازت ہے اور دوسری امدادی رقوم وہاں خرچ کی جائیں ،جہاں خرچ کرنے کے لئے وہ رقوم لی گئی ہوںیا دی گئی ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال:ہمارے یہاں زکوٰۃ کا معمول ہے کہ جب رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو زکوٰۃ ادا کرتے ہیں لیکن ہر جگہ بیت المال ہے ،پھر یہ جمع کرکے سالہا سال گذرجاتے ہیں اور یہ لوگ تھوڑا تھوڑاخرچ کرتے ہیں پھر کیا ان کی زکوٰۃ ادا ہوجاتی ہے یا نہیں؟
منیب الرحمان ۔بارہ مولہ
رقوم سال گزرنے سے پہلے مستحقین تک پہنچانا لازمی
جواب:۔بیت المال میں جب زکوٰۃ کی رقم جمع کی جائے تو جتنا جلد سے جلد ہو ،یہ مستحق افراد تک پہنچادی جائے۔اگر جمع کرکے رکھی جائے تو صرف اس حد تک کہ سال گذرنے سے پہلے مستحق افراد کو ماہانہ امداد کے طور پر دی جائے۔سالہا سال جمع رکھنا ہرگز صحیح نہیں اور یہ اُن ذمہ داروں کی غلط روش ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: زید نے بنک میں اپنی جمع شدہ رقم کا سود علاحدہ کرکے اپنے پیسے نکال لئے اور سود کا پیسہ بنک میں ہی رکھا ۔اب کسی حاجت کی وجہ سے زید کو بنک سے قرضہ لینا پڑا ۔کیا جمع شُدہ سود کا پیسہ قرض میں لی گئی رقم کے سود کے طور ادا کیا جاسکتا ہے؟
شفیق ریاض۔پہلگام
بچت کھاتوں سے حاصل ہونے والاسود
بینک قرض پر بطور سود دینا درست
جواب:بینک میں جمع شُدہ رقم کا سودا اگر بنک کے قرضہ میں لازم ہونے والے سود کی جگہ دیا جائے تو درست ہے یعنی سود کی جگہ خرچ کرنا درست ہے ،نیز بنک کے ذریعہ حاصل ہونے والے سود کو انکم ٹیکس یا جی ایس ٹی نام کےٹیکس میں دینا بھی درست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال:مفتی صاحب !(Coldrinks) مشروبات پینا کیسا ہے۔کیا اس کے پینے سے تقویٰ پر کوئی اثر پڑتا ہے؟کچھ لوگ کہتے ہیں کہ coldrinks پینے سے تقویٰ میں کمی ہوتی ہے۔
محمد حارث ۔سرینگر
الکوحل والے مشروبات کا استعمال ناجائز
جواب:مشروبات کی جو اقسام آج بازاروں میں دستیاب ہیں ،اُن میں وہ مشروبات بھی ہیںجن میں الکوحل ہوتا ہے ،وہ تمام استعمال کرنا جائز نہیں۔اس لئے کہ الکوحل مکمل نشہ ہے اور خمر یعنی شراب ہےاور وہ حرام ہے،چاہے کم مقدار میں ہو۔اور جن مشروبات میں الکوحل نہیں ہے ،اُن کا استعمال کرنا جائز ہے۔اس لئے کہ ان میں کوئی حرام یا نجس چیز کی ملاوٹ جب نہیں ہے تو اُس کو اسلام منع نہیں کرسکتا۔البتہ ان مشروبات کے طبی طور پر مفید یا مضر اثرات کا فیصلہ طب کے ماہرین کرسکتے ہیں۔لہٰذا صحت کی کیفیت پر مثبت و منفی فوائد کی رہنمائی اُنہی سے لی جائے۔بعض حالات میں یہ اسراف میں آتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔