عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بھارت منڈپم پرگتی میدان نئی دہلی میں منعقدہ عالمی کتاب میلے 2025 ء کا دورہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مرکزی وزارت تعلیم کے تحت نیشنل بُک ٹرسٹ اِنڈیا کی کتابوں سے محبت کرنے والوں، پبلشروں اور مصنفین کو ایک پُرکشش پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوششوں کی ستائش کی۔ اُنہوں نے نیشنل بُک ٹرسٹ سے بھی کہا کہ وہ جموں اور سری نگر میں سالانہ کتاب میلے کا باقاعدگی سے اِنعقاد کرے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایکس پر پوسٹ کیا ہے،’’عالمی کتاب میلہ مطالعے کی عادت کو فروغ دینے، اَدبی کمیونٹیوں کی شراکت کا جشن منانے، نئے خیالات سے باخبر رہنے اور مصنفین اور شہریوں کو ثقافتی تبادلے اور دانشورانہ گفتگو کے لئے مدعو کرنے کا ایک مثالی موقعہ ہے تاکہ ہم اَپنی سوچ او رشعور کو سعت دے سکیں۔ایک کتاب بہترین ساتھی ہے جو ہماری زِندگی کے سفر میں نئے خیالات اور نقطہ نظر پیش کرتی ہے۔یہ مفکرین، سائنس دانوں اور روحانی شخصیات کے لئے آنے والی نسلوں کے فائدے کے لئے علم کی دولت کو محفوظ رکھنے اور آگے لے جانے کا بہترین ذریعہ ہے۔‘‘