عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ نے پیر کو جموں و کشمیر محکمہ داخلہ کو چار عرضیوں پر نوٹس جاری کیا جس میں “جھوٹے بیانیہ اور علیحدگی پسندی” پھیلانے والی کتابوں پر پابندی کو چیلنج کیا گیا ہے، لیکن عدالت نے اس معاملے میں مفاد عامہ کی عرضی پر غور کرنے سے انکار کردیا۔یہ عرضی محمد یوسف تاریگامی نے پیش کی تھی۔چیف جسٹس ارون پلی، جسٹس رجنیش اوسوال اور جسٹس شہزاد عظیم پر مشتمل تین ججوں کی خصوصی بنچ نے 5 اگست کے حکومت کی نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے والی چار درخواستوں پر نوٹس جاری کیا جس میں مبینہ طور پر “جھوٹے بیانیہ اور علیحدگی پسندی” کا پرچار کرنے کے الزام میں 25 کتابیں ضبط کی گئی تھیں۔کوڈ آف کرمنل پروسیجر (سی آر پی سی) کے سیکشن 95 کے تحت اشاعتوں کو ضبط کرنے کے حکم کے محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے والی درخواستیں صحافی ڈیوڈ دیوداس، ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل کپل کاک اور دیگر، ایڈوکیٹ شاکر شبیر اور سواستیک سنگھ نے الگ سے دائر کی ہیں۔کاک کی درخواست میں محکمہ داخلہ کی نوٹیفکیشن کو ایک “سویپنگ اور مکینیکل ایکسرسائز” قرار دیا گیا ہے۔ یہ دعوی کیا گیاہے کہ حکومت یہ ظاہر کرنے میں ناکام رہی ہے کہ کس طرح درج اشاعتیں، جن میں سے اکثر علمی یا تاریخی کام ہیں، کو خودمختاری یا سالمیت کے لیے خطرہ سمجھا جا سکتا ہے۔عدالت کے فل بنچ نے حتمی سماعت اور دلائل کے لیے 4 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔5 اگست کو، جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے کشمیر پر 25 کتابوں کی اشاعت پر پابندی لگا دی، جن میں اروندھتی رائے اور اے جی نورانی جیسی مصنفین بھی شامل ہیں، یہ کہتے ہوئے کہ وہ “علیحدگی پسندی” کا پرچار کرتے ہیں۔اگست میں، 25 کتابوں پر پابندی کو چیلنج کرنے والی ایک PIL ابتدائی طور پر سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ تاہم، سپریم کورٹ نے عرضی گزار کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔