نئی دہلی بین الاقوامی کبڈی فیڈریشن ﴿آئی کے ایف﴾ نے واضح کیا ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی کے پیش نظر ہندوستان کی میزبانی میں جمعہ سے شروع ہونے والے کبڈی عالمی کپ سے پاکستان کو دور رکھا گیا ہے ۔بین الاقوامی کبڈی فیڈریشن ﴿آئی کے ایف﴾ کے سربراہ دیوراج چترویدی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدگی کی وجہ سے فیڈریشن نے پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ میں داخلہ دینے سے انکار کر دیا ہے ۔چترویدی نے ایک بیان میں کہاکہ موجودہ ماحول میں پاکستان کے ساتھ کھیلناممکن نہیں ہے ۔ تاہم پاکستان آئی کے ایف کا اہم رکن ہے لیکن ایسا کرنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے ۔ اس لئے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ سے دور رکھا جانا چاہیے ۔ جمعہ سے شروع ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں ہندوستان سمیت 10 ممالک حصہ لے رہے ہیں جن میں میزبان ہندوستان کے علاوہ امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، ایران، پولینڈ، بنگلہ دیش، کوریا، جاپان اور کینیا شامل ہیں۔پہلے دن ایران کا مقابلہ امریکہ سے ہوگا۔