عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے کالاکوٹ سب ڈویژن میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک فوجی اہلکار لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا ۔ذرائع کے مطابق سب ڈویژن کالاکوٹ کے بڈوگ علاقہ میں پیر کو 63راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی گاڑی کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب کہ ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے اس پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور گاڑی سڑک سے لڑک کر نیچے کھائی میں جا گری۔ذرائع نے بتایا کہ فوری طور پر بچائو آپریشن شروع کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے بھی حصہ لیا اور گاڑی میں سوار فوجی جوانوں کو نکالاگیا تاہم اس دوران ایک فوجی اہلکار کی موت واقع ہو گئی تھی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں ایک فوجی جوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جب کہ دوسرا اس حادثے میں زخمی ہوا اور اسے طبی علاج کے لئے کالاکوٹ کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (CHC) میں فوری طور پر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بھی راجوری کے منجاکوٹ علاقہ میں ایک فوجی گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی تھی۔