اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل کاہرہ کے گاؤں جوڑا خورد سے ایک کمسن بچی کی لاش پراسرار حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق محمد رفیع ساکنہ جوڑا خورد گاؤں سے 14سالہ لڑکی گذشتہ روز اپنے گھر سے لاپتہ ہوئی۔اس واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے گھر والوں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر تلاش شروع کی اور دوران شب گھر کے نزدیک جھاڑیوں سے لڑکی کی لاش مشکوک حالت میں برآمد ہوئی۔مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس و ایف ایس ایل کی ٹیم موقع پر پہنچی اور معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے جبکہ ایف ایس ایل ٹیم نے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری میں بھیج دئیے ۔اس حادثہ سے علاقہ میں تشویش پائی جارہی ہے۔سیول سوسائٹی نے معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے۔ایس ڈی پی او گندوہ عادل ریشو نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ ایک کمسن بچی کی لاش پراسرار حالت میں برآمد ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچی کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور ایف ایس ایل ٹیم نے بھی نمونے لئے ہیں ۔ایس ڈی پی او نے مزید کہا کہ اس ضمن میں مقدمہ درج کرکے وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے۔