گندو//گورنمنٹ ہائی اسکول کاہراہ میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات نے چار ماہ قبل تباہ شدہ اسکول کی عمارت کی تجدید و مرمت میں ناکامی پر حکومت انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے حکام کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹھاٹھری کلہوتران سڑک کو تین گھنٹوں تک بند رکھا۔طلباء و طالبات نعرہ بازی کر کے حکومت اور متعلقہ حکام کے خلاف اپنی ناراضگی اور غصے کا اظہار کر رہے تھے۔اس موقع پر متعدد طلباء مقررین نے کہا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول کاہراہ کی عمارت کو چار ماہ قبل بھاری نقصان پہنچا تھا،مگر ابھی تک اس عمارت کی تجدید و مرمت کے لئے کوئی بھی قدم نہیں اُٹھایا گیا ہے جس وجہ سے طلباء و طالبات اور اسکول کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ کو سخت مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسکول کے عمارت نا قابلِ استعمال اور غیر محفوظ ہو چکی ہے جس وجہ سے تعلیمی کام کھلے آسمان تلے انجام دیا جاتا ہے۔اسکول کا نظام موسم کے رحم و کرم پر چلتا ہے اور ذرا سی بارش یا گرمی کی صورت میں اساتذہ چھٹی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ اسکول میں سر چھپانے کے لئے بھی جگہ نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ اسکول کی عمارت کی تجدید و مرمت میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے اور زبانی یقین دہانیوں کے سوا ابھی تک کوئی قدم نہیں اُٹھایا گیا ہے۔حکومت اور متعلقہ حکام کے نزدیک گویا یہ کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے اور وہ مجبور ہو کر سڑک پر اُتر آئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اسکول میں لائبریری اور لیبارٹری نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے اور اسکول عملہ اور طلباء و طالبات کے لئے بیت الخلاء اور واش روم جیسی بنیادی سہولیات تک دستیاب نہیں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول کاہراہ ایجوکیشنل زون بٹیاس کا بہت پرانا اسکول ہے جہاں سے علاقہ کی مشہور شخصیات نے تعلیم حاصل کی ہے،مگر آج اسکول کی حالت یہ ہے کہ سر چھپانے کے لئے جگہ نہیں۔اُنہوں نے فوری طور اسکول کی عمارت کی تجدید و مرمت کا مطالبہ کیا تاکہ طلباء وطالبات کو مشکلات اور پریشانیوں سے نجات حاصل ہو اور وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ دے سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے وزراء اور آفیسران ایسے کمروں اور عمارتوں میں رہتے ہیں جہاں ہر قسم کی جدید سہولیات دستیاب ہوتی ہیں،مگر ہمیں کھلے آسمان تلے مٹی اور پتھروں پر تعلیم حاصل کرنے کے لئے بھی جگہ فراہم نہیں۔انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد طلباء نے اپنا احتجاج ختم کیا مگر اُنہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اسکول کی عمارت کی تعمیر کا کام فوری طور شروع نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ سڑک پر آ جائیں گے ۔جن مقررین نے اس موقع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اُن میں احمد شہزاد،عمر واحد،جاسب احمد،شفقت حسین،شازیہ بانو عدنان فاروق اور سنجے ٹھاکرشامل ہیں۔