سرینگر//شمالی کشمیر کے میوہ بیوپاریوں اور کاشتکاروں نے فروٹ منڈی سوپور کی نمائندہ انجمن دی کشمیر فروٹ گروروس اینڈ ڈیلرس ایسوسی ایشن سوپورکے سابق صدر فیاض احمد ملک عرف کاکا جی پر مسلسل دوسری بار اعتماد کااظہار کرتے ہوئے صدارتی انتخابات میں ان کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔
فیاض احمد ملک کاکاجی نے اپنے مد مقابل کو 102ووٹوں کے فرق سے ہرایا اور اس طرح وہ دوسری بار سوپور فروٹ منڈی ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے ۔ دی کشمیر فروٹ گروروس اینڈ ڈیلرس ایسوسی ایشن سوپور کے الیکشن بورڑ چیئرمین ظہور احمد تانترے نے بتایا کہ 5برس کی آئینی مدت کے بعد حسب دستور صدارتی انتخابات منعقد ہوئے اور تمام ممبران نے بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیا ۔انہوں نے کہاکہ سوپور فروٹ منڈی کی اس نمائندہ جماعت کے کل941رجسٹرڑ ممبران ہیں جن میں سے آج929ممبران نے اپنے حق رائے دہندگی کااستعمال کیا ۔انہوںنے کہاکہ 33ووٹ مسترد ہوئے اور اس طرح ڈالے گئے ووٹوں میں سے فیاض احمد ملک عرف کاکا جی نے499ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل مشتاق احمد تانترے نے 397ووٹ حاصل کئے ۔الیکشن بورڑ چیئرمین کے مطابق اس طرح فیاض احمد عرف کاکا جی نے کامیابی حاصل کی اور اگلی مدت کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہوئے ۔بورڑ چیئرمین ظہور احمد نے کہاکہ انتخابات انتہائی شفاف اور نظم وضبط کے ساتھ منعقد ہوئے اور تمام ممبران نے انتہائی ڈسپلن کا مظاہرہ کیا۔ظہور احمد نے سوپور سمیت تمام شمالی کشمیر کے میوہ بیوپاریوں اور کاشتکاروں کو اس موقعے کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور ان کی فروٹ منڈی سوپور کے ساتھ وابستگی رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔