سرینگر// موبائل بلیں وصول کرنے کے باوجود بھی واحد سرکاری موصلاتی کمپنی بی ایس این ایل نے من مانے طریقے سے سینکڑوں صارفین کے پوسٹ پیڈ کنکشنوں کی کال یکطرفہ بند کردی ہے جس کے نتیجے میں صارفین کو دن بھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صارفین کے مطابق وہ پہلے ہی مذکورہ کمپنی کی سروس سے پریشان ہیں، اب بلاوجہ یہ سروس بند کر دی گئی ہے ۔اسی طرح کئی صارفین نے بتایا کہ انہیںایک ہی طرح کی بلیںچار ماہ سے مل رہی ہیں ۔مرکزی سرکارجہاں پورے بھارت کو ڈیجیٹل انڈیا بنانے کے دعویٰ کر رہی ہے وہیں اسکی سرکاری موصلاتی کمپنی بی ایس این ایل وادی میں لوگوں کو بہتر سروس فراہم کر نے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے ۔وادی بھر میںصارفین اس ادارے کی مواصلاتی خدمات سے پریشان ہیں اس پر طرہ یہ کہ اب بلیں اجراء کرنے میں بھی مذکورہ کمپنی نااہلی کا ثبوت پیش کررہی ہے ۔شہر کے ایک بسنل صارف داور حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُس نے اپنے موبائل زیر نمبر 9419363889 کی بل 295روپے 28مارچ کو جمع کی اور30مارچ کو اُس کے موبائل کی آوٹ گوئنگ سروس بنا کسی اطلاع کے بند کر دی گئی۔اسی طرح ایک صارف نے بتایا کہ اُس کے فون زیر نمبر 9419015797کی آوٹ گوئنگ کال بھی بنا کسی وجہ اچانک کاٹ دی گئی جس کے سبب انہیں 30مارچ کو فون کے حوالے سے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔صارف نے بتایا کہ انہوں نے 29مارچ کو قریب ساڑھے پانچ بجے بل جمع کی اور 30مارچ کی صبح میرے فون کی آوٹ گوئنگ کال کو بند کر دیا گیا ۔صارف نے بتایا کہ فون سروس کے بند ہونے کے ساتھ ہی جب انہوں نے اپنی بل کے متعلق جانکاری حاصل کرنی چاہئے تو انہیں ایک پیغا م ملا جس میں بتایا گیا کہ ان کی بل موصول ہوگئی ہے تاہم اُس کے باوجود بھی 30مارچ کی شام تک اُن کی سروس بحال نہیں ہو سکی ۔انہوں نے کہا کہ ایسا آج ہی نہیں بلکہ پہلے سے ہی اُن کے ساتھ ہوتا آرہا ہے ۔اسی طرح ایک اور صارف نے بتایا کہ ان کے موبائل زیر نمبر 9419009336پر پچھلے 2ماہ کی بل اس بار بھی 1400روپے آئی ہے ۔اس سے پہلے بھی 2ماہ کی بل 1400روپے آئی ۔صارف نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ آخر یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہر بار یکساںطرز کی بل آئے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری کمپنی بسنل کی کوئی بھی کل سیدھی نہیں اور کمپنی من مانے طریقے سے صارفین کو پریشان کر رہی ہے ۔بی ایس این ایل کے جنرل منیجر محمد سلیم بیگ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ’’یہ سچ ہے کہ کچھ صارفین کے موبائل بل ادا کرنے کے بائوجود بھی فون نہیں کرسکتے ۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ میں اس سارے معاملے کا پتہ کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کبھی ایسابھی ہوتا ہے کہ بل ادا کرنے کے بائوجود بھی چند صارفین کے فون شروع نہیں ہوتے کیونکہ چندی گڑھ میں موجود نوڈل سرور درج نہیں کرتا، اور ایسے معاملات میں ہمیں انکی آوٹ گوئنگ کالوں کو بحال کرناپڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ وہ تمام نمبران جنہوں نے بل ادا کی ہے ، انکو تکلیف نہ ہو۔‘‘