سرینگر //سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جہاں سرینگر شہر کے مختلف چوراہوں کوپینٹنگ کے ذریعہ خوبصورت بنانے پر لاکھوں روپے صرف کئے گئے وہیں سرینگر شہر کے 36سیاحتی مقامات میں شامل ہاری پربت اور اس کے اردگرد کی دیواریں ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ خستہ حالی کے سبب ڈھہہ رہے ہیں۔ہاری پربت قلع کے چاروں اور تعمیر کی گئی 12فٹ چوڑی اور 20فٹ اونچی دیوار کئی مقامات پر ٹوٹ گئی ہیں اور دیوار میں لگے پتھر آہستہ آہستہ گررہے ہیں۔ کاٹھی دروازہ سرینگر کے بائیں اور دائیں جانب کی معروف دیوار کی صورتحال کچھ مختلف نہیں ہے اور ہر گزر تے دن کے ساتھ ساتھ یہ دیوار بھی ختم ہورہی ہے۔کاٹھی دروازہ کے رہنے والے علی محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’کاٹھی دروازہ کی مشہور دیوار مرمت کے بائوجود بھی گر گئی‘‘۔علی محمد نے بتایا ’’ چند سال قبل محکمہ آثار قدیمہ نے دیوار کی مرمت کی گئی لیکن مرمت کرنے کے چند ماہ بعد ہی دیوار سے پھر پتھر نکلنا شروع ہوگیا ‘‘۔ علی محمد نے بتایا ’’ گیٹ کے دونوں اطراف کی دیوار گر چکی ہے اور موسم سرما اور بارش کے دوران پتھر گرنے لگتے ہیں جو کبھی بھی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتی ہیں‘‘۔کاٹھی دروازہ کے ہی مکین 70سالہ شہری غلام محمد خان نے بتایا’’ دیوار مرمت سے قبل بہتر صورتحال میں تھی لیکن جب مرمت کی گئی تو دیوار کا کچھ حصہ مزدوروں نے خود کھولا تھا ۔اور بعد میں اس کی مرت کی تھی‘‘۔غلام محمد نے بتایا ’’ مکمل مرمت کرنے کیلئے اگر چہ دیوار کو کھولنا ضروری تھا لیکن بعد میں مرمت میں استعمال کیا گیا میٹریل کافی خراب تھا جسکی وجہ سے دیوار جلد واپس گر گئی ہے۔ غلام محمدنے بتایا ’’ ضلع انتظامیہ سرینگر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دیوار کو بہتر بنانے کیلئے ماہر کاریگروں سے مرمت کرائیں ۔ مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ وہ کاٹھی دروازہ کی مرمت کسی اعلیٰ افسر کی نگرانی میں کرائے اور مرمت کرنے میں کوئی بھی تاخیر نہ کی جائے کیونکہ یہ دیوار کبھی بھی اور کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔