جموں//صنعت وحرفت کے وزیر چندرپرکاش گنگا نے کہا ہے کہ حکومت کان کنی سرگرمیوں کو نفع بخش بنانے کی طرف توجہ دے رہی ہے ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے جے کے منلز لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 169ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر نے معدنیات کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے ایک موثر لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ریاست کے وسیع معدنیاتی وسائل کو بروئے کار لارہی ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوسکے۔وائس چیئرپرسن جے اینڈ کے انڈسٹریز لمٹیڈ سید عطااللہ سمنانی ، کمشنر سیکرٹری صنعت وحرفت شیلندر کمار کے علاوہ کئی دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔چندر پرکاش گنگا نے آسار ڈوڈہ اور پرلنکا رام بن میں جپسم کانوں اور کالا کوٹ میں کول کانوں کے علاوہ پاڈر کشتواڑ سے سیفائر کی زیادہ سے زیادہ سے پیداوار حاصل کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان سرگرمیوں کو نفع بخش بنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کریں۔اس سے قبل بورڈ ارکان نے جے کے منلز کی طرف سے عملائے جارہے کئی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ایم ڈی جے کے ایم ایل عابد سہیل نے جانکاری دی کہ کارپوریشن نے رواں مالی سال کے دوران کول کی فروخت سے 6.30کروڑ روپے جبکہ جپسم کی فروخت سے 4.43کروڑ روپے کی آمدن حاصل کی۔بورڈ نے کئی دیگر اہم نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔