عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//کانگریس کا صدر دفتر اب 24اکبر روڈ سے 9کوٹلہ مارگ میں منتقل ہو رہا ہے اور نئے ہیڈ کوارٹر کا افتتاح 15 جنوری کو اندرا گاندھی بھون کی شکل میں کیا جائے گا۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا گاندھی بھون، جو 9A، کوٹلہ روڈ پر واقع ہے، کا افتتاح 15 جنوری کو صبح 10 بجے ایک شاندار تقریب میں کیا جائے گا اور اس میں کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، شرکت کریں گی۔ پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اس جدید ترین سہولت سے آراستہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا ’’کانگریس کا نیا ہیڈکوارٹر، جسے ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، پارٹی کے قدآوروں کے وژن کو برقرار رکھنے کے مشن کی علامت ہے۔ اس تقریب میں ملک بھر سے نامور رہنما شرکت کریں گے‘‘۔ تقریب میںتقریباً 400سرکردہ رہنمائوں کو شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جن میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان، مستقل اور خصوصی مدعوئین، ریاستی کانگریس کے صدور، کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈران، لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ، پارٹی سکریٹری، جوائنٹ سکریٹریز، سربراہان شامل ہیں۔