۔9سے21اگست تک بھوک ہڑتال
عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے اعلان کیا ہے کہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ واپس دلانے کے مطالبے کو لے کر کانگریس پارٹی اپنی مہم ہماری ریاست، ہمارا حق میں شدت لائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی یکم اگست سے پرامن احتجاجی مظاہروں کا آغاز کرے گی، جبکہ 5 اگست کو اس دن کی یاد میں یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا، جب سال 2019 میں جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کیا گیا تھا۔طارق حمید قرہ نے مزید بتایا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان 9 اگست سے 21 اگست تک بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ جموں و کشمیر کی عوام کے حقوق کو سلب کر کے ہمیں یونین ٹیریٹری میں تبدیل کیا گیا، اب وقت ہے کہ ہم اپنی ریاستی حیثیت اور سیاسی شناخت کی بحالی کے لیے منظم آواز بلند کریں۔ یہ تحریک عوامی جذبات کی نمائندہ ہے، اور ہم جمہوری اور پرامن طریقوں سے اپنا حق واپس لینے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے حالیہ مہینوں میں ریاستی درجے کی بحالی کو اپنا مرکزی مطالبہ قرار دیا ہے، اور پارٹی لیڈران اس حوالے سے بارہا مرکزی حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں۔