یواین آئی
کانگڑا// ہماچل پردیش میں ضلع کانگڑا کانگریس کمیٹی کے ترجمان سپن سود نے ‘آپریشن سندور’ پر بحث کے درمیان ہندوستانی مسلح افواج کی بہادری اور فیصلہ کن کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو انتخابی فائدے کے لیے فوجی آپریشن کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا۔ سپن سود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج نے پہلگام میں 26 شہریوں کے بہیمانہ قتل کے جواب میں پاکستانی سرزمین پر فیصلہ کن جوابی حملہ کرکے دنیا کو سخت پیغام دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہندوستانی فوج کی کارروائی بربریت کا منہ توڑ جواب ہے اور اس سے ہماری فوج کی بے مثال ہمت کی عکاسی ہوتی ہے‘۔ تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) آئندہ بہار اسمبلی انتخابات میں اس آپریشن کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی استقامت پسندی ایسی کارروائیوں کو ممین بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لیکن کسی بھی سیاسی جماعت کو ہماری مسلح افواج کی بہادری کا کریڈٹ نہیں لینا چاہیے۔ سود نے واضح کیا کہ ماضی میں کانگریس کی قیادت والی حکومتوں بشمول سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے کبھی بھی فوجی کارناموں پر سیاست نہیں کی۔