جموں//جموں و کشمیر پردیش کانگریس نے جمعے کو یہاں مہنگائی کے خلاف احتجاج درج کیا۔پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے جس کے بعد پولیس نے متعدد کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو احتیاطی طورپر حراست میں لے لیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرہ بازی کر رہے تھے ۔ جموں میں کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے سڑکوں پر آکر مرکزی سرکار کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے ۔اس موقع پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کانگریس صدر جی اے میر نے کہاکہ آج ہم روز بڑھ رہی مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس غریبوں کی آواز کو ہمیشہ بلند کر رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں مہنگائی کی شرح بڑھ رہی ہے ۔موصوف لیڈر نے کہا کہ مہنگائی سے غریب لوگ پریشان ہوگئے ہیں۔ان کا الزام تھا کہ موجودہ سرکار اقتدار کے نشے میں لوگوں کی آواز نہیں سن رہی ہے ۔کانگریس لیڈروں نے مزید کہاکہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کے دوٹکڑے کئے جس وجہ سے آج لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اُن کے مطابق جی ایس ٹی لاگو کرکے بھاجپا نے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کا کام کیا۔معلوم ہوا ہے کہ جوں ہی کانگریس لیڈروں نے مین شاہراہ کی طرف پیش قدمی شروع کی تو پولیس نے اُنہیں روکا جس دوران پولیس اور کانگریس لیڈروں کے درمیان ہاتھا پائی کے مناظر دیکھنے کو ملے ۔
پولیس نے متعدد کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو گاڑی میں بھر کر پولیس تھانے پہنچایا۔
کانگریس کا جموں میں مہنگائی اور جی ایس ٹی کے خلاف احتجاج
