جموں//کانگریس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آج یعنی ایت کے روز ریاست کے دو روزہ دورہ پر جموں آرہا تاکہ ریاست کی صورتحال کا زمینی سطح پر جائزہ لیا جا سکے ۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی صدارت میں تشکیل شدہ کانگریس کے’پالیسی اینڈ پلاننگ گروپ آف جے اینڈ کے افیئرز ‘میں سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ، سابق مرکزی وزراءپی چدمبرم ، غلام نبی آزاد، امبیکا سونی شامل ہیں، جو ریاست میں اراکین قانون سازیہ اور مختلف مکاتیب فکر سے ملاقات کرے گا۔ یہ وفد دوپہر 12بجے جموں پہنچے گا اور 2بجے کے بعد قریب 25 وفود کے ساتھ ملاقات کر کے موجودہ حالات کے بارے میں ان کے خیالات سے آگاہی حاصل کرے گا۔ ملاقات کرنے والے وفود میں جموں بار ایسو سی ایشن، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، رفیوجی اور کشمیری مائیگرنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کسانوں، گوجر، پہاڑی، شیڈیولڈ کاسٹ تنظیموں کے وفد بھی الگ الگ ملاقات کر کے کانگریس لیڈران کے سامنے اپنا اپنا نقطہ نظر رکھیں گے۔ کل وفد واپس دہلی لوٹ جائے گا جب کہ آئندہ 16ستمبر کو وادی کشمیر اور لداخ کا دورہ پر ایک بار پھر سرینگر وارد ہو گا۔ واضح رہے کہ اس گروپ کی تشکیل کانگریس نے ماہ اپریل میں اس وقت کی تھی جب سرینگر لوک سبھا نشست کے ضمنی انتخابات کے دوران رونما ہونے والے تشدد آمیز واقعات میں 8افراد فورسز کی فائرنگ سے لقمہ¿ اجل بن گئے تھے ۔