عظمیٰ نیوز سروس
جموں//کانگریس نے حکومت اور بی جے پی کی طرف سے یو ٹی دیوس منانے کی مخالفت کرنے کیلئے ایک احتجاجی دھرنا دیا اور اسے یوم سیاہ منایا اور ریاست کا درجہ اور ریاستی اسمبلی انتخابات کی جلد از جلد بحالی کا مطالبہ کیا۔پی سی سی صدر وقار رسول وانی کے ساتھ کارگزار صدر رمن بھلا ، سینئر نائب صدربلوان سنگھ، رویندر شرما کے علاوہ نائب صدور، جنرل سکریٹریز اور بڑی تعداد میں پی سی سی کے عہدیداران، ڈی سی سی صدور، فرنٹل ونگ کے سربراہان اور ڈی سی سی جموں اربن اینڈ رورل کے سینئر لیڈران شہیدی پر دھرنے پر بیٹھے۔ ریاست کا درجہ اور اسمبلی انتخابات کے علاوہ یو ایل بی اور پنچایتی انتخابات سمیت جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے چوک پر دو گھنٹے سے زیادہ کا احتجاج کیا گیا۔خواتین کارکنان سمیت کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے یو ٹی دیوس اور بی جے پی حکومت کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور ریاستی درجہ اور جمہوریت کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔ وانی نے بی جے پی کی زیر قیادت مرکز حکومت اور یوٹی انتظامیہ پر یوٹی دیوسمنانے کے لیے تنقید کی اور کہا کہ اس طرح جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فلور پر ریاست کا درجہ بحال کرنے کا وعدہ بی جے پی حکومت کا ایک اور جملہ لگتا ہے کیونکہ یہ پہلی بار ہے کہ اس دن یو ٹی دیوس منایا جا رہا ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی حکومت جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس کرنا نہیں چاہتی ہے۔ یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی توہین ہے جو تاریخی ڈوگرہ ریاست کی تنزلی سے دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ریاست کی بحالی اور یو ایل بی اور پنچایتی انتخابات کے علاوہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لیے جدوجہد شروع کرے گی اور اسے بلاک سطح تک لے جائے گی۔