کانگریس پالیسی ساز گروپ کی آمد آج

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر// وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بعدکانگریس کا پالیسی ساز گروپ سابق وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں وادی کے دورہ پر سنیچر کو پہنچ رہا ہے،جہاں2دنوں کے قیام کے دوران یہ گروپ 30 سے زائد وفود سے ملاقی ہوگا۔ وادی میں این آئی اے کی طرف سے مزاحمتی خیمے کے کریک ڈائون اور مرکزی گروپوں کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی کے بیچ سابق وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کی سربراہی میں کانگریس کا کشمیر سے متعلق پالیسی ساز گروپ سنیچر کو وادی کے دو رزے دورے پر پہنچ رہا ہے،جہاں یہ گروپ، سیاسی، سماجی،کاروباری اور سیول سوسائٹی گروپوں سے تبادلہ خیال کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پالیسی ساز گروپ سنیچر کو ریاستی کانگریس کی ایگزیکٹو میٹنگ میں شرکت کریگا،جبکہ17ستمبر کو کانگریس کی لیجسلیٹو پارٹی کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔کانگریس ذرائع نے بتایا کہ پالیسی ساز گروپ میںڈاکٹر منموہن سنگھ کے علاوہ سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، کانگریس کی مرکزی جنرل سیکریٹری اور امور کشمیر انچارج امبیکا سونی،اسمبلی میں کانگریس کے لجیسلیٹو لیڈر نوانگ ریگزن جورا،سابق وزیر خزانہ طارق حمید قرہ،سابق وزیر شام لال شرما اور پارٹی کے نائب صدر حاجی عبدالرشید شامل ہیں۔ کانگریس کا یہ پالیسی ساز گروپ کشمیری پنڈتوں،اقلیتی گروپوں،تاجروں،زعفران و میوہ تاجروں اور کاشتکاروں کے علاوہ سیاحتی سرگرمیوں سے جڑے افراد،سیول سوسائٹی،ہوٹل مالکان،طلاب،نوجوان لیڈروں سے ملاقی ہوگا جبکہ نیشنل کانفرنس،سی پی آئی ایم،پی ڈی ایف کے علاوہ دیگر مین اسٹریم جماعتوں کی لیڈرشپ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ کانگریس کے نائب صدر حاجی عبدالرشید نے پالیسی ساز گروپ کی سنیچر آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کی پہلے روز قریب15اور دوسرے روز بھی اتنی تعداد میں وفود ملاقی ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت کی کمی کی وجہ سے پارٹی ان تمام وفود کیلئے اوقات میسر کرنے کا انتظام کر رہی ہے۔ممبر اسمبلی سوپور کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ کانگریس کے پالیسی ساز گروپ کا دورہ کشمیر سود مند ثابت ہوگا،اور وہ برف بھی پگلے گی جو کافی عرصہ سے جم چکی ہے۔اس دوران ذرائع کے مطابق غلام نبی آزاد جمعہ کو سرینگر پہنچ گئے اور تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ادھر غیر سرکاری رضا کار تنظیم سینٹر فار پیس اینڈ پروگرس کے سربراہ اور در پردہ  مذاکرات کار ائو پی شاہ بھی گزشتہ3دنوں سے لگاتا مختلف گروپوں سے ملاقی ہو رہے ہیں۔ حریت(جے کے) کے علاوہ ائو پی شاہ سابق پنچوں و سرپنچوں کے وفود اور کچھ سماجی کارکنوں سے ملاقی ہوئے جبکہ  16ستمبرکو وسطی ضلع بڈگام میں اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں  17 ستمبرکو’’جموں کشمیر۔۔پیش رفت‘‘ کے موضوع پر ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے،جس میں مین اسٹریم لیڈروں کے علاوہ سیول سوسائٹی،تجارتی انجمنوں کے نمائندے اور دیگر لوگ شرکت کر رہے ہیں۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *