نئی دہلی//کشمیر سے متعلق کانگریس کا پالیسی ساز گروپ 10نومبر کو 4روزہ دورے پر واردِریاست ہورہا ہے ۔مذکورہ گروپ کی قیادت کا نگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم کریں گے ۔ نئی دہلی میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور دیگر امورات پر پالیسی ساز گروپ نے ایک غیر معمولی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا ۔یہ میٹنگ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوئی تھی ،جس میں دورہ ریاست کے حوالے سے حتمی شکل دی گئی ۔پالیسی ساز گروپ اپنا دوسرا دورہ ریاست 10نومبر سے کرے گا ،جو 4روز پر مشتمل ہو گا ۔ دورے کے دوران کانگریس پالیسی ساز گروپ درجنوں وفود سے ملاقی ہو گا ۔یاد رہے کہ کانگریس کے پالیسی گروپ نے اپنا پہلا دورہ سابق وزیر اعظم داکٹر من موہن سنگھ کی قیادت میں 10ستمبر کو تھا ،دورے کے دوران گروپ نے 10اور11ستمبر کو جموں میں قیام کیا اور درجنوں وفود سے ملاقی ہوا جبکہ اسی طرح گروپ نے17اور18ستمبر کو کشمیر کا دورہ کرکے قریب50وفود سے ملاقی ہوا تھا۔