دبئی//لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے اترپردیش میں سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی کے درمیان ہوئے اتحاد سے بے فکر کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی اپنی کارکردگی سے سب کو چونکا دے گی۔دبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ میں ایس پی اور بی ایس پی کے لیڈروں کی کافی عزت کرتا ہوں ، وہ جو بھی کرنا چاہتے ہیں ، اس کا انہیں حق ہے ، اب کانگریس کو اترپردیش میں اکیلے کھڑا ہونا ہوگا۔ راہل کے اس بیان سے صاف ہوجاتا ہے کہ کانگریس اترپردیش میں اکیلے الیکشن لڑنے کا ارادہ بناچکی ہے ، جس سے ملک کی سیاست کے اعتبار سے کافی اہم مانی جانے والی اس ریاست میں مقابلہ سہ رخی ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔راہل گاندھی نے ساتھ ہی ساتھ کہا کہ کانگریس کے پاس اترپردیش کے لوگوں کو دینے کیلئے بہت کچھ ہے۔ یہ ہمارے اوپر منحصر کرتا ہے کہ اترپردیش میں کانگریس کو ہم کتنا مضبوط کرپاتے ہیں۔ ہم اترپردیش میں اپنی پوری شدت کے ساتھ لڑیں گے اور لوگوں کو سرپرائز دیں گے۔