کانگریس نے کشمیرمیں قیامِ امن کیلئے 10برس کام کیا

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
نئی دہلی //راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جموں وکشمیر پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جموں وکشمیر میں مداخلت کرنے کیلئے پاکستان کو جگہ فراہم کی گئی ہے ۔بھارت کی یوم آزادی پر نریندر مودی کے کشمیر کے متعلق خطاب، جس میں انہوں نے کشمیری عوام سے محاطب ہو کر کہا تھا کہ جموں وکشمیر کا مسئلہ گولی اور گالی سے نہیں بلکہ وہاں کے لوگوں کو گلے لگانے سے حل ہو گا ،کے ایک دن بعد کانگریس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی سرکار نے جموں وکشمیر میں نفرت اور غصہ کا ماحول پیدا کر دیا ہے اور جموںو کشمیر میں اس نفرت اور تشدد سے پاکستان کو فائدہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر ملک کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ پی چدمبرم اور جے رام رمیش نے کام کیا اور بنا کسی شور شرابے اور تماشے کے انہوں نے کشمیر میں امن قائم کرنے کیلئے اپنی کوششیں دس برس تک جاری رکھیں لیکن مودی سرکار نے اس کو ایک ماہ میں تباہ کر دیا ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ سال 2004میں کانگریس نے جب اٹل بہاری واجپائی سے حکومت حاصل کی، تب کشمیر جل رہا تھا اور منموہن حکومت نے کشمیر میں امن قائم کر کے سب سے بڑی کامیابی حاصل کی تھی اور کشمیر میں امن لانے کیلئے کانگریس نے دس سال تک محنت کی ۔راہل نے کہا کہ ہم نے پنچایتی انتخاب کرائے ،روزگار پر کام کیا، تعمیر ترقی کرائی کیونکہ ہم کشمیر میں امن اور ہم آہندگی چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں وکشمیر کے لوگوں کو گلے لگانا چاہتے تھے اور اُن کے گلے لگنا چاہتے تھے کیونکہ ہم وہاں امن چاہتے تھے اور جب جموں وکشمیر میں امن ہو گا تو پاکستان کچھ بھی نہیں کر سکتا ہے اور نہ ہی وہاں پاکستان کیلئے کوئی بھی جگہ رہے گی ۔گاندھی نے کہا کہ پرامن جموں وکشمیر پاکستان کیلئے بری چیز ہے اور یوپی اے سرکار کی دس برسوں کی محنت پر مودی سرکار نے ایک ماہ میں پانی پھیر دیا ہے ۔بھاری عوامی جلسے سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ میں آپ کو اس لئے یہ بتا رہا ہوں کیونکہ نرندر مودی کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کو موقعہ مل گیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں مداخلت کرے ۔انہوں نے کہا کہ نرندر مودی کی سرکار یہاں ہی نہیں رکی بلکہ جب ہماری سرکار مرکز میں تھی تب پاکستان اور چین سمیت تمام ہمسایہ ممالک بھارت کے حق میں تھے متاہم ایک ایک کر کے نریندر مودی نے سب کو دور کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی تاریخ میں پہلے بار روس پاکستان کو ہتھیار فروخت کر رہا ہے ۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *