عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ //مرکزی وزیر اور ادھم پور- کٹھوعہ- ڈوڈہ لوک سبھا حلقہ کے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جان بوجھ کر بلاور کو ضلع کا درجہ نہیں دیا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔بلاور اسمبلی حلقہ بشمول سلہ، نگروٹہ، منڈلی، فنٹر، بلاور سٹی، بدو، پرنالہ وغیرہ میں کئی مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے الگ پہاڑی ضلع کے حق میں رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ بالا مقامات میں سے ہر ایک پر جہاں ڈاکٹر جتیندر سنگھ بی جے پی کے کارکنان اور حامیوں سے ملنے کے لئے رکے، وہاں تالیاں بجا کر وزیر اعظم نریندر مودی کا ’’ابکی بار 400 پار‘‘ کے نعروں کے ساتھ خیرمقدم کیا گیا اور حلقے میں ترقیاتی اور فلاحی کاموں کی تعریف کی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے تنظیمی ڈھانچے میں تقریباً دو دہائی قبل بلاور، بسوہلی اور بنی علاقوں پر مشتمل ایک الگ پہاڑی ضلع بنایا گیا تھا اور تب سے بی جے پی کے تنظیمی ڈھانچے میں کٹھوعہ کے لیے ایک الگ ضلع صدر اور بلائور کیلئے علیحدہ سے صدر ہے ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یاد دلایا کہ جب کانگریس کی قیادت والی مخلوط حکومت کے تحت ضلعی تنظیم نو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تو حزب اختلاف کی جماعت کے طور پر بی جے پی نے اس مطالبے کا اعادہ کیا تھا لیکن حکمراں کانگریس حکومت نے کسی بھی مقررہ یا شفافیت کی پیروی کئے بغیر صوبہ جموں اور کشمیر کے لئے دس دس اضلاع بنائے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کانگریس اور اس کے اتحادیوں پر خوشامد اور علاقائی تفریق کی پالیسی پر عمل کرنے کا الزام لگایا، جس کے نتیجے میں بلائور کو ضلع کا درجہ دینے سے جان بوجھ کر انکار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ستم ظریفی ہے کہ کئی سالوں سے اس خطہ سے منتخب ہونے والے کانگریس ایم ایل اے ریاستی وزراء کی حیثیت سے حکومت کا حصہ تھے لیکن انہوں نے بھی اس مقصد کو نہیں اٹھایا کیونکہ وہ اپنے آقاؤں کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی وزارتی برتھ کو محفوظ بنانے کی فکر میں تھے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پچھلے 10 سالوں میں، ماضی کی خامیوں کو پورا کرنے اور تمام خطوں کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کی مسلسل کوشش کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میںآزادی کے بعدپہلی بار علاقے میں سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے اور کوئی بھی جموں سے بلاور تک تقریباً ڈھائی گھنٹے میں گاڑی چلا سکتا ہے جو کہ 2014 سے پہلے ناقابل تصور تھا۔