عظمیٰ نیوز سروس
کانپور//کانپور میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں چمن گنج علاقے کے گاندھی نگر میں واقع ایک پانچ منزلہ عمارت میں اتوار کی رات ہوئی شدید آتشزدگی میں ایک ہی کنبہ کے 5 لوگوں کی جھلس کر موت ہو گئی۔ مہلوکین میں شوہربیوی اور ان کے تین بچے شامل تھے۔ 8 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد سبھی کی لاش کو برآمد کر لیا گیا۔عمارت میں لگی آگ کو بجھانے کی کوشش میں فائر بریگیڈ کی ایک درجن سے زیادہ گاڑیاں رات کو موقع پر پہنچی تھیں لیکن حالت پر 8گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد قابو پایا جا سکا۔ ڈی سی پی دنیش ترپاٹھی کے مطابق دو لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے لیکن ان کی حالت پر کچھ بھی جانکاری نہیں دی گئی۔ڈی سی پی کا کہنا تھا کہ میڈیکل ایگزمینیشن کے بعد ہی حالت صاف ہو سکے گی۔ انہوں نے تین لوگوں کے عمارت میں پھنسے ہونے کی بات بتائی تھی لیکن اب پتہ چلا کہ عمارت میں پھنسے کنبہ کے سبھی پانچ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔اب تک کی اطلاع کے مطابق عمارت کی نچلی منزل پر جوتے کا کارخانہ تھا اور اوپر کی منزلوں پر لوگ رہتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔رات 12:15 بجے ہائیڈرولک پلیٹ فارم لایا گیا، جس سے بچاو مہم میں تیزی آئی۔ دوپہر ایک بجے آگ پر قابو پا لیا گیا لیکن دھوئیں کی وجہ سے رکاوٹ آئی۔ اس درمیان دیر رات 1:20 بجے پھر آگ لگ گئی۔ قریب 1:45 بجے آگ بجھانے کے بعد فائر بریگیڈ کے اہلکار اندر داخل ہوئے لیکن پہلی منزل پر پھر آگ لگ گئی۔ آگ پر 2:45 بجے قابو پایا جا سکا۔بتایا جاتا ہے کہ آگ سب سے پہلے پہلی منزل پر لگی اور اس کے بعد ایک ساتھ تین دھماکے ہوئے۔