عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر حکومت نے حلقہ بندی ترقیاتی فنڈ (سی ڈی ایف)سکیم میں ایک ترمیم کو منظوری دی ہے، جس سے اراکین قانون ساز اسمبلی (ایم ایل اے)کو 2025-26 سے شروع ہونے والے مالی سال میں مختص 300 لاکھ روپے سے بڑھا کر 400 لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم میں کہا گیا ہے، “حلقہ بندی ترقیاتی فنڈ (CDF) سکیم پر موجودہ رہنما خطوط میں درج ذیل ترامیم کی منظوری فوری طور پر کی جارہی ہے۔اسکے مطابق موجودہ CDF بڑھا کر 400 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ مالی سال 2025-26 سے سکیم کے تحت ہر ایک معزز ایم ایل اے کو سالانہ 4 کروڑ روپے ملیں گے۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے”ایم ایل اے مالی سال کے آغاز کے 90 دنوں کے اندر سالانہ حد تک کاموں کی سفارش کرے گا،” ۔