عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارت میں اسٹیل اور ٹی ایم ٹی لوہے کی صنعت میں معروف کمپنی کامدینو(Kamdhenu) لمیٹڈ نے سرینگر میں اپنے سالانہ چینل پارٹنر اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس کا موضوع ’کامیابی کے سفر میں ساتھ ساتھ ‘رکھا گیا تھا، جس کا مقصد شراکت داری کے جذبے کو فروغ دینا اور مشترکہ ترقی کا جشن منانا تھا۔ تقریب میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے’ڈسٹری بیوٹرز، ڈیلرز‘ اور کمپنی کی اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شراکت داروں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے صدروسابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کامدینو لمیٹڈ اوروجے اسٹیل انڈسٹریز کو اس اہم پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ان کی آئندہ کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وجے اسٹیل انڈسٹریز جو کہ کامدینو نیکسٹ کیلئے مجاز تیار کنندہ ہے، کے ڈائریکٹروں سنجے اگروال، اجے اگروال اور پنکج اگروال نے اجلاس کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اجلاس کے دوران مصنوعات کے معیار، آفیشل لوگو، خصوصیات اور جعلی مصنوعات کی شناخت سے متعلق معلومات فراہم کیں تاکہ شراکت دار اور صارفین مستند مصنوعات کی پہچان کر سکیں۔ وویک مہیشوری نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کامدینو لمیٹڈ کی شفاف، پائیدار اور بااعتماد شراکت داری کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمپنی کی کامیابی اس کے چینل پارٹنرز کے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی مرہونِ منت ہے۔پنکج اگروال نے کہا کہ کمپنی اپنے شراکت داروں کے اعتماد اور تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا’’کامیابی کے سفر میں ساتھ چلنا ہی اصل جیت ہے، آج ہم صرف کاروباری ترقی کا نہیں بلکہ اس مضبوط رشتے کا بھی جشن منا رہے ہیں جو ہمیں جوڑتا ہے‘‘۔