مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //چنڈی بگ کنزر میں ایک محنت کش نوجوان شبیر احمد ملہ سالانہ 40کوینٹل شہد تیار کرکے اپنے ساتھ ساتھ دیگر کئی لوگوں کیلئے روزگار فراہم کرنے میں کامیاب ہوچکا ہے ۔شبیر احمد کے پاس 850 شہد کی مکھیوں کے چھتے ہیں اورفی چھت پانچ کلو شہد فراہم ہوتا ہے اور کل ملاکر40کوئنٹل شہد حاصل ہوتا ہے جس سے شبیر احمدکی سالانہ آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوچکا ہے۔مذکورہ نوجوان نے اس کاروبار کو مزید وسعت دیکر12افراد کو روزگار بھی فراہم کررہا ہے ۔ شبیر احمد کو اس کام میں اپنا بھائی اور اہلیہ بھی تعاون کررہی ہیں۔ملہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر میں کہا تھاکہ کشمیر میں روزگار حاصل کرنے کیلئے بے پناہ وسائل موجود ہیں جن کی مدد سے نوجوان اپنے ساتھ دوسروں کوبھی روزگار فراہم کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا’’وزیراعظم کی اس بات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے میں نے مگس بانی کو اپنا روزگار بنالیا جس سے مجھے بہتر فائدہ مل رہا ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا ’’ سالانہ مجھے چالیس لاکھ کے قریب آمدنی حاصل ہوتی ہے‘‘۔ڈایریکٹر ایگریکلچر کشمیر محمداقبال چودھری نے اس ضمن میںبتایا کہ محکمہ نے چنڈی بگ نامی گائوں کو بی کیپنگ ولیج کادرجہ دیا ہے کیونکہ گائوں آئے روز مگس بانی کی طرف راغب ہوکر اپنے پائوں پر کھڑاہورہے ہیں جس کیلئے محکمہ تمام تر سہولیات فراہم کررہا ہے اور عنقریب گائوں کی طرف جانی والی سڑک پر ایک بورڈ اورہورڈنگ بھی نصب کی جائے گی ۔