غلام محمد
سوپور//کشمیر مرکنٹائل کوآپریٹو بینک (کامکو)نے کنزر ٹنگمرگ میں اپنے چھٹے شاخ کا افتتاح کرتے ہوئے ایک اور سنگ میل عبور کیا۔ برانچ کا باضابطہ افتتاح وزیر زراعت جاوید احمد ڈار نے ایم ایل اے گلمرگ فاروق احمد شاہ، ایم ایل اے سوپور ارشاد رسول کار، بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر فیاض احمد سیرو اور بورڈ کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ،دیگر اراکین اور عہدیداروں کی موجودگی میں کیا۔افتتاحی تقریب میں معززین، بینک افسران، مقامی کاروباری نمائندوں اور عوام کے ایک بڑے اجتماع کا مشاہدہ کیا گیا، جو پورے خطے میں کامکو کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور رسائی کی عکاسی کرتا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر فیاض احمد سیرو نے کہا کہ بینک جموں و کشمیر کے لوگوں کیلئے بینکنگ خدمات کی رسائی اور معیار کو بڑھانے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا’’کامکواب ایک مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کوآپریٹو بینک ہے، جو موثر اور صارفین کے لیے دوستانہ بینکنگ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ کنزر، ٹنگمرگ، اور ملحقہ علاقوں کے لوگ نئی برانچ سے بہت فائدہ اٹھائیں گے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک مستقبل قریب میں سرینگر، بڈگام اور گاندربل سمیت دیگر اضلاع تک اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔