ادھم پور//وزیر برائے تعمیراتِ عامہ نعیم اختر نے آج تعمیراتی ایجنسیوں کو ریاست میں تمام ترقیاتی کاموں کی عمل آوری میں معیار اور تعداد کیلئے وضع کئے گئے قواعد و ضوابط پر سختی سے کاربند رہنے کے ساتھ ساتھ کاموں میں شفافیت اور جوابدہی یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ وزیر نے یہ ہدایات ضلع اودھمپور کے مانسر، دھیمااور ملحقہ علاقوں میں تعمیراتِ عامہ محکمہ کے کانفرنس ہال، محکمہ کے مانسر گیسٹ ہاوس میں وی آئی پی سویٹس کا سنگِ بنیاد رکھنے کے دوران کیا ۔ انہوں نے نبارڈ کے تحت دھیما ۔ تھیل سڑک کی تجدید و توسیع اور سی آر ایف کے تحت تھیال سے چونترا ماتا تک سڑک کی توسیع کا بھی سنگِ بنیاد رکھا ۔ رُکنِ اسمبلی رام نگر رنبیر سنگھ پٹھانیہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تھیل سے چونترا ماتا تک سڑک کی تجدید و توسیع سے اس دیہی علاقے کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالتِ زندگی میں بہتری آنے کے علاوہ چونترا ماتا کے استھاپن کی یاترا پر آنے والے ہزاروں یاتریوں کیلئے بھی سڑک رابطہ سہولیت دستیاب رہے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2520 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 13 کلو میٹر طویل پروجیکٹ سے تھیل درابار، رنگ ،بلنڈ ، دھیما ، چونترا ماتا وغیرہ دیہات کے 15 ہزار نفوس مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کیلئے پینے کے پانی ، بیت الخلاء وغیرہ کی سہولیات بھی تعمیر کی جائیں گی ۔ تعمیراتِ عامہ کے مانسرڈاک بنگلہ میں کانفرنس ہال اور وی آئی پی سویٹس کی تعمیر کے ضمن میں وزیر نے کہا کہ ان پروجیکٹوں پر کام 130.33 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس سے اس تاریخی و پلگرم سیاحتی علاقے کو فروغ حاصل ہو گا ۔ ترقیاتی کاموں کی عمل آوری میں معیار قایم رکھنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے متعلقہ حکام کو خلوص اور جوابدہی سے کام کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے افسران کو رقومات کا بھر پور استعمال کرنے اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے بھی کہا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کیلئے پُر عزم ہے اور رام نگر حلقہ انتخاب میں سی آر ایف کے تحت 80 کروڑ روپے کی مالیت کے سڑک پروجیکٹوں پر کام شروع کیا گیا ہے ۔ وزیر نے مقامی لوگوں کو یومِ اساتذہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کو طلاب کی کلہم ترقی یقینی بنانی چاہئیے تا کہ آج کے بچے ہی ہمارے ملک کا مستقبل ہیں ۔ بعد میں وزیر نے دھیما میں ایک عوامی اجلاس طلب کیا جس کے دوران مقامی لوگو ں نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ عوامی جلسے کے دوران مقامی آبادی نے چونترا ماتا میں ایک ریسٹ ہاوس کے قیام کی مانگ کے علاوہ تحصیل مجالتہ کے مختلف علاقوں کیلئے سڑک رابطہ سہولیات کی فراہمی کی بھی مانگ کی ۔وزیر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کی جائز مانگیں مختصر مدت میں پور ی کی جائیں گی ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مقامی آبادی کی شکایات کا ازالہ کرنے اور اُن کی مانگوں کا جائیزہ لینے کیلئے کہا ۔ اس موقعہ پر چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ، سپرانٹنڈنگ انجینئر تعمیراتِ عامہ ، محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔